میں پلٹ کر وار کرتا ، حوصلہ میرا بھی تھا

ظہیراحمدظہیر — نومبر 7، 2017 4:46 صبح
میں پلٹ کر وار کرتا ، حوصلہ میرا بھی تھا
کیا کہوں میں ، دشمنوں میں آشنا میرا بھی تھا
اجنبی بیگانہ تیری آشنائی کر گئی
اک زمانہ تھا ، زمانہ آشنا میرا بھی تھا
ہاں یہی کوئے خرابی ، ہاں یہی دہلیزِ عشق
لاپتہ ہونے سے پہلے یہ پتہ میرا بھی تھا
ریزہ ہائے خوابِ الفت چننے والے دیکھنا!
اِن شکستہ آئنوں میں آئنہ میرا بھی تھا
لو لگائے جل رہا تھا ایک طاقِ درد پر
آپ کے جشنِ چراغاں میں دیا میرا بھی تھا
ویب گاہِ زندگی کو غور سے دیکھا جو آج
ربط اُس کے نام سے ٹوٹا ہوا میرا بھی تھا
زندگی کو دیجئے الزام اتنا بھی نہ آپ
زندگی تو عمر بھر اک مسئلہ میرا بھی تھا
قرض میرا مان لیجے سایۂ دیوار پر
اب جہاں دیوار ہے وہ راستہ میرا بھی تھا
کچھ تو نیرنگی پہ مائل تھا تماشا بھی ظہیرؔ
اور سب سے مختلف کچھ زاویہ میرا بھی تھا
ظہیر احمد ۔۔۔۔۔ ۲۰۱۷
محمد خلیل الرحمٰن — نومبر 7، 2017 5:06 صبح
حاصلِ مطالعہء ویب گاہ۔ بہت داد قبول فرمائیے۔ اتنی خوبصورت غزل پڑھ کر ہمارا آج بہترین گزرے گا۔
ظہیراحمدظہیر — نومبر 7، 2017 5:19 صبح
حاصلِ مطالعہء ویب گاہ۔ بہت داد قبول فرمائیے۔ اتنی خوبصورت غزل پڑھ کر ہمارا آج بہترین گزرے گا۔
آداب خلیل بھائی ! نوازش! مجھے بہت خوشی ہے کہ غزل آپ کو پسند آئی ۔
اللہ آپ کا ہر روز روزِ عید اور ہر شب شبِ برأت بنائے ! آمین :):):)
محمد عدنان اکبری نقیبی — نومبر 7، 2017 6:39 صبح
ہاں یہی کوئے خرابی ، ہاں یہی دہلیزِ عشق
لاپتہ ہونے سے پہلے یہ پتہ میرا بھی تھا
واہ،واہ کیا بات ہے لاجواب
کچھ تو نیرنگی پہ مائل تھا تماشا بھی ظہیرؔ
اور سب سے مختلف کچھ زاویہ میرا بھی تھا
زبردست ۔بہت بہت عمدہ
اللہ کریم سلامتی کےساتھ سخن میں اور زیادہ برکتیں عطا فرمائے۔آمین
خالد محمود چوہدری — نومبر 7، 2017 6:43 صبح
میں پلٹ کر وار کرتا ، حوصلہ میرا بھی تھا

جی حضور کوئی چوڑیاں تو نہیں پہنی آپ نے
بہت خوبصورت۔۔ داد قبول فرمائئے
لئیق احمد — نومبر 7، 2017 6:59 صبح
بہت خوب سر،
اجنبی بیگانہ تیری آشنائی کر گئی
اک زمانہ تھا ، زمانہ آشنا میرا بھی تھا
یہ بہت اچھا لگا
ایک خوبی یہ رہی کہ سارے اشعار کی باآسانی سمجھ آگئی :)
فہد اشرف — نومبر 7، 2017 7:03 صبح
بہت خوب ظہیر بھائی
میرے خیال سے ’ ویب گاہ‘ کی اصطلاح شعر میں استعمال کرنے والے آپ پہلے شاعر ہیں۔
ڈھیروں داد
سروش — نومبر 7، 2017 8:20 صبح
ہاں یہی کوئے خرابی ، ہاں یہی دہلیزِ عشق
لاپتہ ہونے سے پہلے یہ پتہ میرا بھی تھا
لاجواب ظہیر بھائی ، بہت زبردست!!!
یوسف سلطان — نومبر 7، 2017 8:50 صبح
ہاں یہی کوئے خرابی ، ہاں یہی دہلیزِ عشق
لاپتہ ہونے سے پہلے یہ پتہ میرا بھی تھا
زندگی کو دیجئے الزام اتنا بھی نہ آپ
زندگی تو عمر بھر اک مسئلہ میرا بھی تھا
بہت خوب۔
فرحان محمد خان — نومبر 7، 2017 1:52 شام
ہاں یہی کوئے خرابی ، ہاں یہی دہلیزِ عشق
لاپتہ ہونے سے پہلے یہ پتہ میرا بھی تھا
زندگی کو دیجئے الزام اتنا بھی نہ آپ
زندگی تو عمر بھر اک مسئلہ میرا بھی تھا
پوری غزل ہی ماشاء اللہ واہ واہ ہے خاص طور پر یہ دو اشعار :)
امان زرگر — نومبر 7، 2017 3:57 شام
منفرد ۔۔۔۔۔۔۔ خیال و انداز۔۔۔۔۔۔ منفرد
ظہیراحمدظہیر — نومبر 9، 2017 10:39 شام
واہ،واہ کیا بات ہے لاجواب
زبردست ۔بہت بہت عمدہ
اللہ کریم سلامتی کےساتھ سخن میں اور زیادہ برکتیں عطا فرمائے۔آمین

بہت شکریہ جناب! نوازش ہے آپ کی! اللہ سلامت رکھے!
ظہیراحمدظہیر — نومبر 9، 2017 10:41 شام
جی حضور کوئی چوڑیاں تو نہیں پہنی آپ نے
بالکل بھی نہیں بھائی! لیکن جیسا دوسرے مصرع میں عرض کیا کہ آپ جیسا کوئی آشنا مانع حرب رہا ۔ :):):)
داد کا بہت شکریہ ! اللہ آپ کو خوش رکھے !
ظہیراحمدظہیر — نومبر 9، 2017 10:44 شام
بہت خوب سر،
یہ بہت اچھا لگا
ایک خوبی یہ رہی کہ سارے اشعار کی باآسانی سمجھ آگئی :)
بہت بہت شکریہ لئیق بھائی! نوازش ہے آپ کی ۔ شعر فہمی کے بارے میں آپ انکسار سے کام لے رہے ہیں ۔ ایسی بھی کوئی بات نہیں ۔ ہم جانتے ہیں آپ کو۔ ماشاء اللہ آپ سخن فہم بھی ہیں اور سخن گو بھی ہیں ۔ اللہ آپ کو خوش رکھے ۔
ظہیراحمدظہیر — نومبر 9، 2017 10:46 شام
بہت خوب ظہیر بھائی
میرے خیال سے ’ ویب گاہ‘ کی اصطلاح شعر میں استعمال کرنے والے آپ پہلے شاعر ہیں۔
ڈھیروں داد
بہت شکریہ فہد ! بہت بوازش!
ویب گاہ کے بارے میں شاید آپ ٹھیک کہہ رہے ہوں ۔ اب جو چیزیں ہماری زندگی کا جزو لاینفک بن گئی ہیں ان کا تذکرہ شاعری میں بھی ضرور نظر آئے گا ۔ بس یہی بات ہے ۔
ظہیراحمدظہیر — نومبر 9، 2017 10:47 شام
لاجواب ظہیر بھائی ، بہت زبردست!!!
نوازش سروش بھائی ! بہت بہت شکریہ! اللہ آپ کو شاد آباد رکھے۔ آمین
ظہیراحمدظہیر — نومبر 9، 2017 10:48 شام
شکریہ یوسف بھائی ! بہت نوازش!! اللہ خوش رکھے!
ظہیراحمدظہیر — نومبر 9، 2017 10:48 شام
ہاں یہی کوئے خرابی ، ہاں یہی دہلیزِ عشق
لاپتہ ہونے سے پہلے یہ پتہ میرا بھی تھا
زندگی کو دیجئے الزام اتنا بھی نہ آپ
زندگی تو عمر بھر اک مسئلہ میرا بھی تھا
پوری غزل ہی ماشاء اللہ واہ واہ ہے خاص طور پر یہ دو اشعار :)

شکریہ فرحان بھائی! بہت نوازش ہے ! محبت ہے آپ کی!
اللہ آپ کو سلامت رکھے!
ظہیراحمدظہیر — نومبر 9، 2017 10:49 شام
منفرد ۔۔۔۔۔۔۔ خیال و انداز۔۔۔۔۔۔ منفرد
اما ن بھائی بہت شکریہ! بہت نوازش! خوش رہیں !! اللہ آپ کو شادآبادرکھے!
لاریب مرزا — نومبر 12، 2017 3:54 شام
کیا خوب غزل کہی!! بہت سی داد آپ کے لیے
صفحات: 1 2

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D9%85%DB%8C%DA%BA-%D9%BE%D9%84%D9%B9-%DA%A9%D8%B1-%D9%88%D8%A7%D8%B1-%DA%A9%D8%B1%D8%AA%D8%A7-%D8%8C-%D8%AD%D9%88%D8%B5%D9%84%DB%81-%D9%85%DB%8C%D8%B1%D8%A7-%D8%A8%DA%BE%DB%8C-%D8%AA%DA%BE%D8%A7.98993/