اک تصور سے دل کو شاد کریں-نئی غزل

محمد شکیل خورشید — اپریل 24، 2021 8:56 شام
اک تصور سے دل کو شاد کریں
وہ سراپا سفر کا زاد کریں
یاد اس کو نہیں کیا اب تک
بھول پائیں تبھی تو یاد کریں
بھوک افلاس پر ہے کیا تعزیر
آج اس پر بھی اجتہاد کریں
آؤ کچھ دیر شہر میں گھومیں
راستے اس کے گھر کے یاد کریں
ایک مسکان پر پگھل جائے
کس طرح دل پہ اعتماد کریں
تم کو سونپا ہے اختیار سبھی
تم کرو فیصلہ تو صاد کریں
پھر شکیل اس کی آرزو کرکے
اک تمنائے نا مراد کریں
محترم الف عین
محترم محمد خلیل الرحمٰن
اور دیگر احباب و اساتذہ کی توجہ کا منتظر
الف عین — اپریل 25، 2021 5:57 صبح
اگرچہ اصلاح سخن میں تو نہیں ہے، مگر دو ایک باتیں کرنے کو جی چاہتا ہے
اک تصور سے دل کو شاد کریں
وہ سراپا سفر کا زاد کریں
واضح نہیں ہوا
بھوک افلاس پر ہے کیا تعزیر
آج اس پر بھی اجتہاد کریں
.. ایضاً
ایک مسکان پر پگھل جائے
.. پگھلتا ہے کہیں تو کیا حرج ہے کہ دوسرے مصرعے کی گرامر سے تمنائی کا صیغہ درست نہیں لگتا
باقی اشعار خوب ہیں
محمد شکیل خورشید — اپریل 25، 2021 7:57 شام
اگرچہ اصلاح سخن میں تو نہیں ہے، مگر دو ایک باتیں کرنے کو جی چاہتا ہے
اک تصور سے دل کو شاد کریں
وہ سراپا سفر کا زاد کریں
واضح نہیں ہوا
بھوک افلاس پر ہے کیا تعزیر
آج اس پر بھی اجتہاد کریں
.. ایضاً
ایک مسکان پر پگھل جائے
.. پگھلتا ہے کہیں تو کیا حرج ہے کہ دوسرے مصرعے کی گرامر سے تمنائی کا صیغہ درست نہیں لگتا
باقی اشعار خوب ہیں
محترم، اصلاح سخن ہو یا نہ ہو، آپ کی رہنمائی ہر جگہ بسر وچشم، بلکہ اس کے بغیر اب تسلی ہی نہیں ہوتی
وہ تصور اسی سراپا کا تھا، لیکن آپ نے توجہ دلائی تو سمجھ آئی کہ اس کی وضاحت نہیں ہو پائی،
اسی طرح بھوک افلاس کوئی جرم تو نہیں پر اب اس دور میں جرم بن گیا ہے، اس لئے اجتہاد کرنے کا طنز کیا
بہر حال آپ کی نشاندہی کے بعد تصحیح کی کوشش کرتا ہوں
الف عین — اپریل 26، 2021 5:02 صبح

مزید یہ کہ خاص کر اردو میں محض زاد استعمال نہیں ہوتا، زاد سفر ترکیب ہی استعمال ہوتی ہے، اور اس کے ساتھ بنانا کا فعل استعمال ہوتا ہے، کرنا فارسی میں درست ہے، یعنی زاد کردن
محمد شکیل خورشید — اپریل 26، 2021 9:55 شام
استادِ محترم الف عین
آپ کی رہنمائی کی روشنی میں یوں نظرثانی کی ہے، امید ہے کچھ بہتری ہوگئی ہو گی
اک تصور سے دل کو شاد کریں
پھر سراپا اسی کا یاد کریں
ایک مسکان پر پگھلتا ہے
کس طرح دل پہ اعتماد کریں
یاد اس کو نہیں کیا اب تک
بھول پائیں تبھی تو یاد کریں
بھوک پر بھی ہو کچھ سزا تجویز
آج اس پر بھی اجتہاد کریں
آؤ کچھ دیر شہر میں گھومیں
راستے اس کے گھر کے یاد کریں
تم کو سونپا ہے اختیار سبھی
تم کرو فیصلہ تو صاد کریں
پھر شکیل اس کی آرزو کرکے
اک تمنائے نا مراد کریں
الف عین — اپریل 27، 2021 5:40 صبح
عمدہ ترمیمات ہیں ماشاء اللہ، اب اور اچھی ہو گئی ہے غزل
محمد شکیل خورشید — اپریل 27، 2021 6:02 صبح
عمدہ ترمیمات ہیں ماشاء اللہ، اب اور اچھی ہو گئی ہے غزل
بس آپ کی قبولیت کی سند ہو جائے تو اطمینان ہو جاتا ہے
شکریہ مسلسل رہنمائی کا

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%A7%DA%A9-%D8%AA%D8%B5%D9%88%D8%B1-%D8%B3%DB%92-%D8%AF%D9%84-%DA%A9%D9%88-%D8%B4%D8%A7%D8%AF-%DA%A9%D8%B1%DB%8C%DA%BA-%D9%86%D8%A6%DB%8C-%D8%BA%D8%B2%D9%84.116005/