برگد سے کچھ باتیں . .

نذر حسین ناز — جنوری 15، 2016 10:45 صبح
نومبر 2008
برگد سے کچھ باتیں . .
----------------
شاید تم کو یاد ہو پیارے ، ،
برسوں پہلے ہَم دونوں نے . .
برگد كے اس پیڑ كے نیچے . .
یادوں کو دفنایا تھا . .
یاد ہے تم کو
شام ڈھلی تھی . .
موسم گم سم
وقت رکا تھا . .
خوشبو بھی دھیرے سے آ کر . .
سب کچھ ہوتا دیکھ رہی تھی . .
یاد ہے کوئل بول رہی تھی . . .
سات برس كے بعد میں پرسوں
اس رستے سے گزرا ہوں تو . .
برگد مجھ سے پوچھ رہا تھا . .
" لوٹ آئے ہو ؟ ؟ "
" یا پِھر رستہ بھول گئے ہو "
میں خاموش رہا تو بولا . .
اچھا اس کو ڈھونڈ رہے ہو . .
اچھا ہے اب آئے ہو تو سنتے جاؤ . .
سات برس كے ہر ہر لمحے
اس نے تیرا نام لیا ہے
پل پل تم کو یاد کیا ہے . .
اس نے اپنے خواب اور سپنے . .
سب کچھ تم کو سونپ دیا ہے .
( اپنا آپ بھی دان کیا ہے )
تم کو شاید علم نہیں ہے
وہ تو شام ڈھلے کا سورج
روز یہاں دفناتی تھی . .
تیری باتیں مجھ سے کر كے
ہنستی تھی ، مسکاتی تھی .
پِھر یکدم چُپ ہو جاتی تھی . .
جیسے ہنسنا بھول گئی ہو . .
لیکن چھوڑو ، تم بتلاؤ . . .
اتنے برسوں بعد یہاں پر
یادیں لینے آئے ہو
یا پِھر وقت سے مہلت لے کر
اس سے ملنے آئے ہو ؟ ؟
برگد مجھ سے پوچھ رہا تھا . .
اور میں گم سم ، خالی آنکھوں
سوچ رہا تھا . .
جانے اب وہ کیسی ہو گی . .
شام ڈھلی تھی . .
وقت رکا تھا . .
اور اک کوئل بول رہی تھی . .
(نذر حسین ناز )
سید اسد معروف — جنوری 17، 2016 5:03 شام
بہت خوب۔ حد کردی آپ نے۔۔۔
نذر حسین ناز — جنوری 17، 2016 7:49 شام
بہت خوب۔ حد کردی آپ نے۔۔۔
آپ کی ذرہ نوازی ہے فقط۔ سلامت رہیں سر
الف عین — جنوری 18، 2016 3:24 صبح
واہ اچھی نظم ہے
ظہیراحمدظہیر — جنوری 20، 2016 6:48 شام
بہت خوب نذر بھائی ۔ بہت رواں دواں اور بہتی ہوئی نظم ہے ۔ سلامت رہیئے !
نذر حسین ناز — جنوری 21، 2016 4:39 صبح
بہت خوب نذر بھائی ۔ بہت رواں دواں اور بہتی ہوئی نظم ہے ۔ سلامت رہیئے !
بہت نوازش اساتذہ کرام ۔ سلامت رہیں

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%A8%D8%B1%DA%AF%D8%AF-%D8%B3%DB%92-%DA%A9%DA%86%DA%BE-%D8%A8%D8%A7%D8%AA%DB%8C%DA%BA.87201/