تضمینِ حالیؔ:ہے جستجو کہ خوب سے ہے خوب تر کہاں

عرفان علوی — جولائی 15، 2025 5:41 صبح
احباب گرامی ، سلام عرض ہے .
محفل اپنے آخری مرحلے میں ہے . سوچا کہ دروازہ مقفل ہونے سے پیشتر ایک اور کاوش آپ کی نذر کرتا چلوں . جنابِ حالیؔ کی ایک مشہورِ زمانہ غزل کی تضمین پیش ہے . امید ہے پسند آئیگی .
ہے حسنِ بے مثال کا آخر گزر کہاں
کس خطّے میں مقیم ہے، اس کا ہے گھر کہاں
ہر چند شوقِ دید ہے ڈھونڈیں مگر کہاں
:ہے جستجو کہ خوب سے ہے خوب تر کہاں
اب ٹھہرتی ہے دیکھئے جا کر نظر کہاں:
وہ جس میں پیش پیش ہے وہ کام ہو بخیر
اس راہِ التفات میں ہر گام ہو بخیر
تکمیلِ ربط و رشتۂ بے نام ہو بخیر
:یا رب اس اختلاط کا انجام ہو بخیر
تھا اس کو ہم سے ربط مگر اس قدر کہاں:
کس کا ہوا کبھی جو ہمارا ہو نیشِ عشق
طغیانیاں بڑھیں تو کنارہ ہو نیشِ عشق
ٹوٹے ہوئے دلوں کا سہارا ہو نیشِ عشق
:اک عمر چاہیے کہ گوارا ہو نیشِ عشق
رکّھی ہے آج لذّتِ زخمِ جگر کہاں:
ہم جیسے عاشقوں کے ہیں جذبات ہی کچھ اور
ہوتے ہیں مجنوؤں کے خیالات ہی کچھ اور
اپنی نگاہ میں ہے تری ذات ہی کچھ اور
:ہم جس پہ مر رہے ہیں وہ ہے بات ہی کچھ اور
عالم میں تجھ سے لاکھ سہی تو مگر کہاں:
دستِ دعا اٹھا ہے مگر کہہ رہا ہے جی
کیا مدّعا ہے جانتا ہے آسمان بھی
جائےگی دھوم دھام سے، پھر لوٹ آئیگی
:ہوتی نہیں قبول دعا ترکِ عشق کی
دل چاہتا نہ ہو تو زباں میں اثر کہاں:
محفل ہوئی تمام، گئے اپنے گھر کو سب
تشنہ ہوا کریں جو تمہارے ہیں قلب و لب
کرنی تھی اس کی فکر کہ تاخیر کی تھی جب
:حالیؔ نشاطِ نغمہ و مے ڈھونڈتے ہو اب
آئے ہو وقتِ صبح، رہے رات بھر کہاں:
نیازمند ،
عرفان عابدؔ
سید عاطف علی — جولائی 15، 2025 6:24 صبح
بہت خوبصورت عرفان علوی بھائی ۔ واہ واہ ۔شاد آباد رہیئے ۔
آئے ہو وقتِ صبح، رہے رات بھر کہاں:
الف عین — جولائی 15، 2025 6:34 شام
واہ، اعلیٰ ہے یہ تضمین، آج کل تو لوگ اس کو بھول ہی گئے ہیں
اربش علی — جولائی 15، 2025 6:37 شام
بہت خوبصورت اور اعلیٰ! ڈھیروں داد قبول کیجیے۔ :clap: :clap: :zabardast1:
عرفان علوی — جولائی 17، 2025 2:44 صبح
بہت خوبصورت عرفان علوی بھائی ۔ واہ واہ ۔شاد آباد رہیئے ۔
آئے ہو وقتِ صبح، رہے رات بھر کہاں:
بہت شکریہ ، عاطف بھائی ! جزاک الله .
عرفان علوی — جولائی 17، 2025 2:50 صبح
واہ، اعلیٰ ہے یہ تضمین، آج کل تو لوگ اس کو بھول ہی گئے ہیں
محترم اعجاز صاحب، داد کے لئے ممنون ہوں . آپ نے درست فرمایا، تضمین اب شاذ و نادر ہی نظر آتی ہے .
عرفان علوی — جولائی 17، 2025 2:57 صبح
بہت خوبصورت اور اعلیٰ! ڈھیروں داد قبول کیجیے۔ :clap: :clap: :zabardast1:
بہت نوازش ، اربش صاحب! مجھے خوشی ہے کہ آپ کو یہ کاوش پسند آئی .

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%AA%D8%B6%D9%85%DB%8C%D9%86%D9%90-%D8%AD%D8%A7%D9%84%DB%8C%D8%94-%DB%81%DB%92-%D8%AC%D8%B3%D8%AA%D8%AC%D9%88-%DA%A9%DB%81-%D8%AE%D9%88%D8%A8-%D8%B3%DB%92-%DB%81%DB%92-%D8%AE%D9%88%D8%A8-%D8%AA%D8%B1-%DA%A9%DB%81%D8%A7%DA%BA.121747/