عظیم — جون 12، 2024 11:00 صبح
السلام علیکم!
ایک بالکل تازہ غزل جو ابھی لکھی گئی ہے ارسال کر رہا ہوں، اگر کوئی کمی رہ گئی ہو تو معذرت
تفریق ہو بھی کس طرح اب خاص و عام کی
جو عیب خاص میں، وہی خصلت عوام کی
رکھی تھی کل یہیں نہیں ملتی کہیں بھی اب
اک شے تھی بیش قیمتی، توحید نام کی
گزرا ہوں اس جگہ سے تو چھوڑوں نشانیاں
کل یاد آئے گی مجھے اس بھی مقام کی
سو بار بولنے سے ہے اچھا بس ایک بار
لیکن جو بات کیجیے ہو بات کام کی
پہنچائے رنج تیرے ہی بندوں کو اے خدا
تا عمر ہو سکے گی نہ جرأت غلام کی
پڑھتا ہوں حمد اس پہ یہ رکھتا ہوں آرزو
لکھوں کبھی میں نعت بھی خیر الانام کی
جیسا کسی کا دیس ہے ویسا ہی اس کا بھیس
سنتے ہیں سب ہی بات پہ اپنے امام کی
جس نے بھی شکر رب کا نہ بالکل ادا کیا
اس نے ہر ایک چیز ہی کھا کر حرام کی
ٹھنڈا بھی کر کے کھائیں تو رہتی ہی ہے عظیم
تاثیر گرم شہر سے لائے ہر آم کی
سید عاطف علی — جون 12، 2024 12:29 شام
بیش قیمت کہو یا قیمتی کہہ کو۔۔۔
بیش قیمتی تو بہت عجیب سا لگے گا۔
باقی مقامات بھی خود ہی غور کر لو۔ بہتر ہو جائے گی۔جلدی میں کہی لگ رہی ہے۔
الف نظامی — جون 12، 2024 1:37 شام
ٹھنڈا بھی کر کے کھائیں تو رہتی ہی ہے عظیم
تاثیر گرم شہر سے لائے ہر آم کی
بھئی بہت خوب۔ اسی لیے پنجاب میں آم کے ساتھ لسی کا استعمال ہوتا ہے۔
محمد شکیل خورشید — جون 12، 2024 2:37 شام
ماشا اللہ، حمد، نعت، مزاح اور طنز کا اک اچھوتا مجموعہ ہے ، مزا آیا
سیما علی — جون 12، 2024 3:07 شام
تفریق ہو بھی کس طرح اب خاص و عام کی
جو عیب خاص میں، وہی خصلت عوام کی
یہ تو ہمارے دل کی بات ہے ۔۔۔۔
عظیم میاں
عظیم — جون 13، 2024 9:50 صبح
بیش قیمت کہو یا قیمتی کہہ کو۔۔۔
بیش قیمتی تو بہت عجیب سا لگے گا۔
باقی مقامات بھی خود ہی غور کر لو۔ بہتر ہو جائے گی۔جلدی میں کہی لگ رہی ہے۔
جزاک اللہ خیر بھائی عاطف
عظیم — جون 13، 2024 9:51 صبح
ٹھنڈا بھی کر کے کھائیں تو رہتی ہی ہے عظیم
تاثیر گرم شہر سے لائے ہر آم کی
بھئی بہت خوب۔ اسی لیے پنجاب میں آم کے ساتھ لسی کا استعمال ہوتا ہے۔
بالکل یہی بات میرے ذہن میں بھی تھی!
عظیم — جون 13، 2024 9:53 صبح
ماشا اللہ، حمد، نعت، مزاح اور طنز کا اک اچھوتا مجموعہ ہے ، مزا آیا
یہ تو پاس ہی سے پیغام آیا لگتا ہے، یعنی اپنے شہر لاہور سے!
بہت شکریہ آپ کا
یہ تو ہمارے دل کی بات ہے ۔۔۔۔
عظیم میاں
بہت شکریہ آپا آپ کا
الف عین — جون 13، 2024 10:27 شام
مجھے "اس بھی مقام کی" پسند نہیں آیا