دل بھی تاثیرِ محبت سے بدل جاتا ہے

صفی حیدر — جولائی 14، 2019 10:52 صبح
دل بھی تاثیرِ محبت سے بدل جاتا ہے
داد فریاد سے پتھر بھی پگھل جاتا ہے
کیسی فطرت ہے الم کیش کی روتا ہے مگر
دل پہ جو ٹوٹے قیامت تو بہل جاتا ہے
باغباں ہو کے ستم ڈھاتا ہے وہ پھولوں پر
جو کلی چٹکے وہ پیروں سے مسل جاتا ہے
مجھ کو رسوا نہ کرے اس کی گلی میں جانا
کیوں مجھے لے کے وہاں جذبہِ دل جاتا ہے
رات آغوش میں بھر لیتی ہے مجھ کو صد شکر
قہر ڈھاتا ہوا دن حشر کا ڈھل جاتا ہے
ختم ہوتی ہے جو تاریک مسافت دن کی
شام ڈھلتی ہے تو دل شمع سا جل جاتا ہے
چارہ گر سے یہ کہو کام نہیں سوزن کا
نوکِ مژگاں سے صفی خار نکل جاتا ہے
محمد ریحان قریشی — جولائی 14، 2019 11:36 صبح
داد فریاد سے پتھر بھی پگھل جاتا ہے
خوب کہا۔
صفی حیدر — جولائی 14، 2019 7:14 شام
بہت شکریہ کہ آپ نے حوصلہ افزائی کی ۔۔۔۔۔۔
الف عین — جولائی 15، 2019 5:17 صبح
واہ اچھی غزل ہے ماشاء اللہ
دِل کا قافیہ فتحہ والے قوافی میں غلط ہے مگر
محمد عدنان اکبری نقیبی — جولائی 15، 2019 5:24 صبح
رات آغوش میں بھر لیتی ہے مجھ کو صد شکر
قہر ڈھاتا ہوا دن حشر کا ڈھل جاتا ہے
لاجواب ، بہت عمدہ
La Alma — جولائی 15، 2019 8:45 صبح
چارہ گر سے یہ کہو کام نہیں سوزن کا
نوکِ مژگاں سے صفی خار نکل جاتا ہے
بہت عمدہ!!
بافقیہ — جولائی 15، 2019 9:00 صبح
کچھ مصرعے غضب ڈھارہے ہیں جناب۔ اچھی کوشش
صفی حیدر — جولائی 15، 2019 12:04 شام
واہ اچھی غزل ہے ماشاء اللہ
دِل کا قافیہ فتحہ والے قوافی میں غلط ہے مگر
نہایت شکر گزار ہوں محترم سر آپ کی داد میرے لیے باعث افتخار ہے ۔۔۔۔۔ آپ نے درست نشاندہی کی اس شعر کو غزل بدر کر دوں گا
صفی حیدر — جولائی 15، 2019 12:06 شام
بہت شکریہ سر ۔۔۔۔ آپ نے ہمیشہ میری کاوشوں کو لائق تحسین جانا ہے ۔۔۔۔ اللہ پاک آپ کو سلامت رکھے
صفی حیدر — جولائی 15، 2019 12:08 شام
کچھ مصرعے غضب ڈھارہے ہیں جناب۔ اچھی کوشش
بہت شکریہ محترم ۔۔۔۔۔ آپ کا حسنِ نظر ہے ۔۔۔۔ سلامت رہیں
صفی حیدر — جولائی 15، 2019 12:12 شام
بہت شکریہ ۔۔۔۔ اہلِ فن کی داد مشقِ سخن کو نکھارتی ہے ۔۔۔۔ سپاس گزار ہوں ۔۔۔۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی امان میں رکھے ۔۔۔۔

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%AF%D9%84-%D8%A8%DA%BE%DB%8C-%D8%AA%D8%A7%D8%AB%DB%8C%D8%B1%D9%90-%D9%85%D8%AD%D8%A8%D8%AA-%D8%B3%DB%92-%D8%A8%D8%AF%D9%84-%D8%AC%D8%A7%D8%AA%D8%A7-%DB%81%DB%92.107622/