دونوں سرے ہی کھوگئے ، بس یہ سرا ملا

ظہیراحمدظہیر — فروری 20، 2018 4:27 صبح
دونوں سرے ہی کھوگئے ، بس یہ سرا ملا
اپنی خبر ملی ہے نہ اُس کا پتہ ملا
رو رو کے مٹ گیا ہوں تو مجھ پرنظر ہوئی
بینائی کھو گئی تو مجھے آئنہ ملا
اُس کو کمالِ ضبط ملا ، مجھ کو دشتِ ہجر
لیکن سوال یہ ہے کہ دنیا کو کیا ملا
آنے لگے نظر غم و آلامِ دو جہاں
بالغ نظر ہوئے تو اِن آنکھوں کو کیا ملا
سادہ سمجھ رہا تھا محبت کے باب کو
لیکن متن سے بڑھ کے مجھے حاشیہ ملا
گم دشتِ شوق میں جو ہوئے ، پا گئے مراد
منزل نہ پاسکے وہ جنہیں رہنما ملا
مخلوق ہوں میں اُس کی مرا ہاتھ تھام لیں
دیکھیں مجھے بھی کاش وہ جن کو خدا ملا​

دیکھا نکل کے خود سے تو منظر کھلا ظہیرؔ
ہمت بڑھی ہے میری ، مجھے حوصلہ ملا
ظہیر احمد ۔۔۔۔۔۔۔ ۲۰۱۴​
محمد تابش صدیقی — فروری 20، 2018 4:40 صبح
سادہ سمجھ رہا تھا محبت کے باب کو
لیکن متن سے بڑھ کے مجھے حاشیہ ملا

گم دشتِ شوق میں جو ہوئے ، پا گئے مراد
منزل نہ پاسکے وہ جنہیں رہنما ملا

دیکھا نکل کے خود سے تو منظر کھلا ظہیرؔ
ہمت بڑھی ہے میری ، مجھے حوصلہ ملا
بہت خوب ظہیر بھائی۔
مقطع تو "آؤٹ آف دا باکس" ہے۔ :)
ظہیراحمدظہیر — فروری 20، 2018 4:46 صبح
بہت خوب ظہیر بھائی۔
مقطع تو "آؤٹ آف دا باکس" ہے۔ :)

:):):)
محمد وارث — فروری 20، 2018 4:54 صبح
خوبصورت غزل ہے ظہیر صاحب قبلہ، بہت داد قبول کیجیے، لاجواب!
فاخر رضا — فروری 20، 2018 5:15 صبح
گم دشتِ شوق میں جو ہوئے ، پا گئے مراد
منزل نہ پاسکے وہ جنہیں رہنما ملا
مخلوق ہوں میں اُس کی مرا ہاتھ تھام لیں
دیکھیں مجھے بھی کاش وہ جن کو خدا ملا
یہ دونوں شعر ایک دوسرے کا جواب لگے
بہت زبردست
فاخر رضا — فروری 20، 2018 5:18 صبح
دوامِ ماز سوزِ ناتمام است
چو ماہی جز تپش بر ما حرام است
مجو ساحل کہ در آغوشِ ساحل
تپیدِ یک دم و مرگِ دوام است
عبید انصاری — فروری 20، 2018 5:44 صبح
سادہ سمجھ رہا تھا محبت کے باب کو
لیکن متن سے بڑھ کے مجھے حاشیہ ملا
واہ! مزہ آگیا۔
جیتے رہیے۔
بقول حافظ
اَلا یا ایّھا الساقی اَدِر کأسا وناوِلْھا
کہ عشق آساں نبود اوّل، ولے افتاد مشکلہا
محمد عدنان اکبری نقیبی — فروری 20، 2018 5:46 صبح
سادہ سمجھ رہا تھا محبت کے باب کو
لیکن متن سے بڑھ کے مجھے حاشیہ ملا
واہ حضور ،زبردست بہت بہت اعلی ۔
فہد اشرف — فروری 20، 2018 10:25 صبح
واہ ظہیر بھائی کیا غزل کہی ہے یہاں تو ہر شعر کلیجہ نکالنے کو تیار ہے

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%AF%D9%88%D9%86%D9%88%DA%BA-%D8%B3%D8%B1%DB%92-%DB%81%DB%8C-%DA%A9%DA%BE%D9%88%DA%AF%D8%A6%DB%92-%D8%8C-%D8%A8%D8%B3-%DB%8C%DB%81-%D8%B3%D8%B1%D8%A7-%D9%85%D9%84%D8%A7.100237/