غزل : نہ ساقی ہے نہ پیمانہ ہے باقی از: محمد حفیظ الرحمٰن

محمد حفیظ الرحمٰن — اکتوبر 31، 2012 5:49 صبح
غزل​
از: محمد حفیظ الرحمٰن​
نہ ساقی ہے نہ پیمانہ ہے باقی​
فقط صحرا میں دیوانہ ہے باقی​
نہ اب وہ مور باقی ہیں نہ جنگل​
مگر اک رقصِ مستانہ ہے باقی​
یہ کیسی آندھیاں سی چل رہی ہیں​
نہ گلشن ہے نہ ویرانہ ہے باقی​
اگرچہ جل چکی رسی کبھی کی​
مگر اک فخرِ شاہانہ ہے باقی​
عیاں ہے اپنی گمراہی سے اتنا​
کہ دل میں اپنے بت خانہ ہے باقی​
بہا کر لے گیا سیلاب سب کچھ​
غنیمت ہے کہ مے خانہ ہے باقی​
ہے دل میں آنے والی کل کا دھڑکا​
یہی اک خوف انجانا ہے باقی​
تمھارے دل میں رونق ہو چکی ہے​
مرے دل میں تو ویرانہ ہے باقی​
سزا تو کاٹ لی دل نے خطا کی​
مگر آنکھوں کا جرمانہ ہے باقی​
یونہی جلتی رہے گی شمع اے دل​
کہ جب تک کوئی پروانہ ہے باقی​
الف عین — اکتوبر 31، 2012 9:58 صبح
بہت خوب ماشاء اللہ۔ اچھی غزل ہے۔
اسامہ جمشید — اکتوبر 31، 2012 5:16 شام
سبحان الله، مزه آ گيا جي۔​
بہا کر لے گیا سیلاب سب کچھ​
غنیمت ہے کہ مے خانہ ہے باقی​
محمد خلیل الرحمٰن — اکتوبر 31، 2012 7:25 شام
بہت عمدہ غزل ہے ۔ داد قبول ہو۔
محمد حفیظ الرحمٰن — نومبر 1، 2012 5:03 صبح
استادِ محترم جناب الف عین صاحب۔ سر غزل کی پسندیدگی کا بہت بہت شکریہ۔
محمد حفیظ الرحمٰن — نومبر 1، 2012 5:05 صبح
جناب اسامہ جمشید صاحب۔ جناب غزل پسند کرنے کا بہت بہت شکریہ۔
محمد حفیظ الرحمٰن — نومبر 1، 2012 5:06 صبح
جناب خلیل صاحب۔ جناب غزل کی پسندیدگی کا بہت بہت شکریہ۔
امجد علی راجا — جنوری 9، 2013 9:58 صبح
بہت سادگی سے بہت کچھ کہہ گئے محترم، بہت پسند آئی غزل، داد قبول کیجئے۔
محمد حفیظ الرحمٰن — جنوری 11، 2013 5:57 صبح
جناب امجد علی راجا صاحب۔ غزل کی پسندیدگی کا بہت بہت شکریہ۔ میں نے آپ کا تعارف بھی پڑھا اور بہت متاثر ہوا۔ امید ہے آپ سے بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔
امر شہزاد — جنوری 12، 2013 6:49 شام
ماشاءاللہ
ہر شعر قابل داد ہے۔
یہ غلطی اگر ٹائپنگ کی ہے تو درست کر لیجیے گا۔
ہے دل میں آنے والی کل کا دھڑکا (کل مذ کر ہوتا ہے)
یہی اک خوف انجانا ہے باقی
محمد حفیظ الرحمٰن — جنوری 23، 2013 6:52 صبح
بھائ امر شہزاد صاحب۔ غزل کی پسندیدگی پر بےحد مشکور ہوں۔ اتنی باریک بینی سے مطالعہ کا خصوصی شکریہ۔ " کل " کے مذکر ہونے پر استادِ محترم جناب اعجاز عبید صاحب سے رائے کی درخواست ہے۔

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%BA%D8%B2%D9%84-%D9%86%DB%81-%D8%B3%D8%A7%D9%82%DB%8C-%DB%81%DB%92-%D9%86%DB%81-%D9%BE%DB%8C%D9%85%D8%A7%D9%86%DB%81-%DB%81%DB%92-%D8%A8%D8%A7%D9%82%DB%8C-%D8%A7%D8%B2-%D9%85%D8%AD%D9%85%D8%AF-%D8%AD%D9%81%DB%8C%D8%B8-%D8%A7%D9%84%D8%B1%D8%AD%D9%85%D9%B0%D9%86.55880/