غزل : چھن گئے خود سے، تمھارے ہو گئے : از : راحیل فاروق ؔ

راحیل فاروق — اپریل 9، 2012 3:05 شام
السلامُ علیکم احباب۔
انٹرنیٹ سے واسطہ رہا مگر کبھی فورمز کی سائنس سمجھ میں نہیں آئی۔ مختلف مذموم مقاصد کے لیے گوناگوں فورمز سے علاقہ بھی رہا لیکن حاصل یہی ہوا کہ آج نہیں معلوم کہ یہ پوسٹ درست جگہ کر رہا ہوں یا نہیں۔ اس دانشمندانہ اعتذار کے بعد عرض ہے کہ ایک غزل انشا کی ہے۔ امید ہے ایڈمنز سنبھال لیں گے!
چھن گئے خود سے، تمھارے ہو گئے​
تم پہ عاشق دل کے مارے ہو گئے​
کچھ دن آوارہ پھرے سیارہ وار​
رہ گئے تم پر، ستارے ہو گئے​
تجھ پہ قرباں، اے جمالِ عہد سوز​
جس کے بیاہے بھی کنوارے ہو گئے​
کیا اسی کو کہتے ہیں ربطِ دلی؟​
چور دل کے جاں سے پیارے ہو گئے​
ہم تھے تیرے خاکساروں میں شمار​
حاسدوں میں چاند تارے ہو گئے​
چار نظریں چار باتیں چار دن​
ہم تمھارے، تم ہمارے ہو گئے​
اک نظر کرنے سے تیرا کیا گیا؟​
اہلِ دل کے وارے نیارے ہو گئے​
کچھ تو خود دل پھینک تھے راحیلؔ ہم​
کچھ اُدھر سے بھی اشارے ہو گئے​
دعا و سلام۔​
راحیلؔ
محمد خلیل الرحمٰن — اپریل 9، 2012 3:27 شام
خوبصورت غزل۔ داد قبول کیجیے جناب
الف عین — اپریل 9، 2012 4:10 شام
واہ اچھی غزل ہے۔ اپنی غزل کو انشا کے نام سے کیوں پوسٹ کر رہے ہیں؟
راحیل فاروق — اپریل 9، 2012 4:44 شام
واہ اچھی غزل ہے۔ اپنی غزل کو انشا کے نام سے کیوں پوسٹ کر رہے ہیں؟
قبلہ۔ آپ نے احساس دلایا کہ میری اردو کافی بوڑھی ہو گئی ہے۔ شکریہ قبول فرمائیے۔ میں اس کا میک اپ کرتا ہوں!
:confused3:
راحیل فاروق — اپریل 9، 2012 4:44 شام
خوبصورت غزل۔ داد قبول کیجیے جناب
متشکرم!
زبیر مرزا — اپریل 9، 2012 4:49 شام
بہت خُوب جناب
محمد وارث — اپریل 10، 2012 7:58 صبح
السلامُ علیکم احباب۔
انٹرنیٹ سے واسطہ رہا مگر کبھی فورمز کی سائنس سمجھ میں نہیں آئی۔ مختلف مذموم مقاصد کے لیے گوناگوں فورمز سے علاقہ بھی رہا لیکن حاصل یہی ہوا کہ آج نہیں معلوم کہ یہ پوسٹ درست جگہ کر رہا ہوں یا نہیں۔ اس دانشمندانہ اعتذار کے بعد عرض ہے کہ ایک غزل انشا کی ہے۔ امید ہے ایڈمنز سنبھال لیں گے!

راحیل صاحب آپ کی غزل مناسب زمرے میں پوسٹ کر دی ہے، یہ آپ کی شاعری کا زمرہ ہے، امید ہے آئندہ آپ کو کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔
مغزل — اپریل 10، 2012 8:23 صبح
راحیل صاحب آپ کی غزل مناسب زمرے میں پوسٹ کر دی ہے، یہ آپ کی شاعری کا زمرہ ہے، امید ہے آئندہ آپ کو کوئی مشکل پیش نہیں آئے گی۔
وارث صاحب شکرگزاری کو کلمہ نصیب نہیں ، سراپا سپاس ہوں ۔۔ :angel:
مغزل — اپریل 10، 2012 8:24 صبح
برادرِ عزیز راحیل فاروق ؔ سلامت باشید روز بخیر۔ رسید حاضر ہے بشرطِ فراغت نصیبی حاضر ہوتا ہوں۔۔۔
راحیل فاروق — اپریل 11، 2012 12:43 شام
شکریہ حضور۔
جاسمن — مارچ 5، 2016 6:51 شام
کچھ دن آوارہ پھرے سیارہ وار
رہ گئے تم پر، ستارے ہو گئے​
بہت خوب! پیاری غزل ہے۔

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%BA%D8%B2%D9%84-%DA%86%DA%BE%D9%86-%DA%AF%D8%A6%DB%92-%D8%AE%D9%88%D8%AF-%D8%B3%DB%92%D8%8C-%D8%AA%D9%85%DA%BE%D8%A7%D8%B1%DB%92-%DB%81%D9%88-%DA%AF%D8%A6%DB%92-%D8%A7%D8%B2-%D8%B1%D8%A7%D8%AD%DB%8C%D9%84-%D9%81%D8%A7%D8%B1%D9%88%D9%82-%D8%94.50780/