غزل: کبھی آب و خاک دیکھی کبھی کہکشاں سے گزرے

وجاہت حسین — اگست 7، 2018 5:14 صبح
غزل
کبھی آب و خاک دیکھی، کبھی کہکشاں سے گزرے
تری دید کی طلب میں، ترے لا مکاں سے گزرے
ترے شوق کے سفر میں کہاں اک جہاں سے گزرے
یہ وہاں وہاں سے گزرے، کہ نہ جو گماں سے گزرے
جو حکیم تھے یگانہ، جو فصیح تھے بلا کے
تری بارگہ میں آ کر خرد و زباں سے گزرے
اے لطافتوں کے خالق، مجھے وہ نظر عطا کر
کہ جو خاک پر پڑے تو ترے خاک داں سے گزرے
بے حجاب آ رہے ہیں، تو اے دل ذرا سنبھل کر
ہے رضا یہ شاید ان کی، تُو بھی امتحاں سے گزرے
نہ ہی دیر یا حرم ہے، مری بندگی کا مرجع
میں کروں وہاں پہ سجدے، تُو جہاں جہاں سے گزرے
کوئی مول فصلِ گل کا نہیں جانتے وہ گلشن
جو رہے سدا مہکتے، نہ کبھی خزاں سے گزرے
نہیں نقشِ پا کی حاجت، کہ میں عاشقِ مہک ہوں
مجھے مشک ہی بتا دے، کہ ہرن کہاں سے گزرے
اِسے کفر سے بری کر، تُو پڑھا کے کلمہِ عشق
کبھی حافظِؔ برہمن ترے آستاں سے گزرے​
محمد عدنان اکبری نقیبی — اگست 8، 2018 9:18 صبح
واہ ، بہت شاندار غزل ہے ،
ہر شعر زبردست ،
نہیں نقشِ پا کی حاجت، کہ میں عاشقِ مہک ہوں
مجھے مشک ہی بتا دے، کہ ہرن کہاں سے گزرے
یہ شعر تو لاجواب ہے ۔
وجاہت حسین — اگست 8، 2018 9:23 صبح
واہ ، بہت شاندار غزل ہے ،
ہر شعر زبردست ،

بہت شکریہ حضور۔ جزاک اللہ خیر
محمد ریحان قریشی — اگست 8، 2018 9:34 صبح
بہت خوب۔ لاجواب غزل ہے۔
لیکن چند گزارشات کرنا چاہوں گا:
بے حجاب آ رہے ہیں، تو اے دل ذرا سنبھل کر
ہے رضا یہ شاید ان کی، تُو بھی امتحاں سے گزرے
"بے" کو یک حرفی باندھنا درست نہیں۔
یہ ترکیب محلِ نظر ہے۔ مہک سنسکرت سے ماخوذ ہے اس لیے کسرۂ اضافت کی مدد سے بنائے جانے والے مرکباتِ اضافی کا حصہ نہیں ہو سکتا۔
وجاہت حسین — اگست 8، 2018 9:35 صبح
بہت خوب۔ لاجواب غزل ہے۔
لیکن چند گزارشات کرنا چاہوں گا:
"بے" کو یک حرفی باندھنا درست نہیں۔
یہ ترکیب محلِ نظر ہے۔ مہک سنسکرت سے ماخوذ ہے اس لیے کسرۂ اضافت کی مدد سے بنائے جانے والے مرکباتِ اضافی کا حصہ نہیں ہو سکتا۔

بہت شکریہ جناب۔ میں ان پر نظرِ ثانی کرتا ہوں۔
وجاہت حسین — اگست 8، 2018 9:52 صبح
بے حجاب آ رہے ہیں، تو اے دل ذرا سنبھل کر
ہے رضا یہ شاید ان کی، تُو بھی امتحاں سے گزرے

وہ بنا حجاب آئیں، تو اے دل ذرا سنبھل کر
ہو رضا یہ شاید ان کی، تو بھی امتحاں سے گزرے
یا
وہ جو بے حجاب آئیں، تو اے دل ذرا سنبھل کر
ہو رضا یہ شاید ان کی، تو بھی امتحاں سے گزرے
اور دوسرا
نہیں نقشِ پا کی حاجت،مجھے عشق ہے مہک سے
مجھے مشک ہی بتا دے، کہ ہرن کہاں سے گزرے
کیا یہ درست ہیں؟
محمد ریحان قریشی — اگست 8، 2018 9:53 صبح
وہ جو بے حجاب آئیں، تو اے دل ذرا سنبھل کر
ہو رضا یہ شاید ان کی، تو بھی امتحاں سے گزرے
نہیں نقشِ پا کی حاجت،مجھے عشق ہے مہک سے
مجھے مشک ہی بتا دے، کہ ہرن کہاں سے گزرے
جی، اب مجھے بہت بہتر معلوم ہو رہے ہیں۔
وجاہت حسین — اگست 8، 2018 9:54 صبح
جی، اب مجھے بہت بہتر معلوم ہو رہے ہیں۔
میری اصلاح فرمانے کے لیے بہت شکریہ۔ میں انہیں اصل غزل میں شامل کر دیتا ہوں۔ جزاک اللہ خیر
وجاہت حسین — اگست 8، 2018 9:56 صبح
غزل
کبھی آب و خاک دیکھی، کبھی کہکشاں سے گزرے
تری دید کی طلب میں، ترے لا مکاں سے گزرے
ترے شوق کے سفر میں کہاں اک جہاں سے گزرے
یہ وہاں وہاں سے گزرے، کہ نہ جو گماں سے گزرے
جو حکیم تھے یگانہ، جو فصیح تھے بلا کے
تری بارگہ میں آ کر خرد و زباں سے گزرے
اے لطافتوں کے خالق، مجھے وہ نظر عطا کر
کہ جو خاک پر پڑے تو ترے خاک داں سے گزرے
وہ جو بے حجاب آئیں، تو اے دل ذرا سنبھل کر
ہو رضا یہ شاید ان کی، تُو بھی امتحاں سے گزرے
نہ ہی دیر یا حرم ہے، مری بندگی کا مرجع
میں کروں وہاں پہ سجدے، تُو جہاں جہاں سے گزرے
کوئی مول فصلِ گل کا نہیں جانتے وہ گلشن
جو رہے سدا مہکتے، نہ کبھی خزاں سے گزرے
نہیں نقشِ پا کی حاجت، مجھے عشق ہے مہک سے
مجھے مشک ہی بتا دے، کہ ہرن کہاں سے گزرے
اِسے کفر سے بری کر، تُو پڑھا کے کلمہِ عشق
کبھی حافظِؔ برہمن ترے آستاں سے گزرے​
سردار محمد نعیم — اگست 8، 2018 10:30 صبح
لا جواب بہت ہی عمدہ غزل
دعا سحر — اگست 8، 2018 10:38 صبح
نہ جانے کیسے خبر ہو گئی ہواؤں کو
چراغ جیسے ہی رکھا جَلا کے رستے میں
وجاہت حسین — اگست 8، 2018 10:40 صبح
لا جواب بہت ہی عمدہ غزل
بہت شکریہ جناب۔
امان زرگر — اگست 9، 2018 2:42 صبح
کیسے عمدہ خیالات ہیں۔۔۔۔ اور کیسی عمدگی سے انہیں لفظوں میں پرویا گیا ہے۔۔۔۔۔ واہ! مزید محمد ریحان قریشی صاحب کی نظر کی برکت کہ جس نے عیوب کو نکال باہر کیا۔۔۔ اللہ خیر و برکت سے نوازے۔
فاخر رضا — اگست 9، 2018 4:04 صبح
بہت پسندیدہ ماشاءاللہ خوب لکھا ہے
وجاہت حسین — اگست 9، 2018 8:50 صبح
کیسے عمدہ خیالات ہیں۔۔۔۔ اور کیسی عمدگی سے انہیں لفظوں میں پرویا گیا ہے۔۔۔۔۔ واہ! مزید محمد ریحان قریشی صاحب کی نظر کی برکت کہ جس نے عیوب کو نکال باہر کیا۔۔۔ اللہ خیر و برکت سے نوازے۔

بہت نوازش جناب۔ بہت شکریہ۔ آمین
وجاہت حسین — اگست 9، 2018 8:51 صبح
بہت پسندیدہ ماشاءاللہ خوب لکھا ہے
بہت شکریہ۔ جزاک اللہ خیر

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%BA%D8%B2%D9%84-%DA%A9%D8%A8%DA%BE%DB%8C-%D8%A7%D9%93%D8%A8-%D9%88-%D8%AE%D8%A7%DA%A9-%D8%AF%DB%8C%DA%A9%DA%BE%DB%8C-%DA%A9%D8%A8%DA%BE%DB%8C-%DA%A9%DB%81%DA%A9%D8%B4%D8%A7%DA%BA-%D8%B3%DB%92-%DA%AF%D8%B2%D8%B1%DB%92.102681/