غزل: ہوا ختم ہر جہاں سلسلہ۔۔۔

محمد احسن سمیع راحلؔ — جولائی 23، 2024 12:08 شام
عزیزان من، آداب!
بہت دن سے محفل میں کچھ شریک کرنا چاہ رہا تھا مگر غم روزگار نے ایسا جکڑا ہوا ہے کہ دماغ کسی اور طرف جاتا ہی نہیں ۔۔۔ سو ایک پرانی غزل ہی پیش خدمت ہے ۔۔۔ امید ہے احباب اپنی آرا اور تبصروں سے ضرور آگاہ کریں گے۔
دعاگو،
راحلؔ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہوا ختم ہر جہاں سلسلہ تمہیں یاد ہوکہ نہ یاد ہو
وہ مقام حزن و ملال کا تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
یہ درست ہے رہِ شوق میں، میں سبھی سے پیچھے رہا، مگر
مرے سر پہ سب کا ہی بار تھا، تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
وہ پھر اس کے بعد نہ اٹھ سکا، وہ تمہارے در پہ ہی مر گیا!
جسے تم نے رسوا بہت کیا، تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
جسے دیکھ تم یوں بنا رکے ہی چرا کے نظریں تھے چل دیے
وہ تمہارے غم کا مریض تھا، تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو!
وہ جو تم نہ سمجھے تھے بیشتر، جو کہا تھا نظروں سے پیشتر
وہ زباں سے بھی تھا تمہیں کہا، تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو!
وہ جو مشترک بُنا خواب تھا، نئی زندگی کا وہ باب تھا!
وہ ہے آج تک بھی کُھلا ہوا، تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
کبھی تم بھی جس پہ ہوئے فدا، وہی نیک نامِ رہِ وفا
وہ تمہار راحلِؔ گمشدہ، تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو!
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
محمد شکیل خورشید — اگست 15، 2024 1:48 شام
بہت زبردست ماشا اللہ، اچھے اشعار ہیں راحل بھائی
محمد احسن سمیع راحلؔ — اگست 16، 2024 8:44 صبح
بہت زبردست ماشا اللہ، اچھے اشعار ہیں راحل بھائی
جزاک اللہ شکیل بھائی
سیما علی — اگست 16، 2024 9:04 صبح
وہ جو مشترک بُنا خواب تھا، نئی زندگی کا وہ باب تھا!
وہ ہے آج تک بھی کُھلا ہوا، تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو
راحل بھیا بہت خوب
کیا کہنے
جیتے رہیے ۔
اللہ تعالیٰ اپنی امان میں رکھے ۔آمین
محمد احسن سمیع راحلؔ — اگست 16، 2024 10:52 صبح
راحل بھیا بہت خوب
کیا کہنے
جیتے رہیے ۔
اللہ تعالیٰ اپنی امان میں رکھے ۔آمین
بہت شکریہ سیما آپا۔ جزاک اللہ
خورشیداحمدخورشید — اگست 16، 2024 11:50 صبح
کبھی تم بھی جس پہ ہوئے فدا، وہی نیک نامِ رہِ وفا
وہ تمہار راحلِؔ گمشدہ، تمہیں یاد ہو کہ نہ یاد ہو!
کیا بات ہے سر! مومن خان مومن کی یاد تازہ کردی آپ نے۔

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%BA%D8%B2%D9%84-%DB%81%D9%88%D8%A7-%D8%AE%D8%AA%D9%85-%DB%81%D8%B1-%D8%AC%DB%81%D8%A7%DA%BA-%D8%B3%D9%84%D8%B3%D9%84%DB%81%DB%94%DB%94%DB%94.120871/