منظر وہی پرانا ہے ، موسم نیا نیا

ظہیراحمدظہیر — جنوری 1، 2016 6:35 صبح
منظر وہی پرانا ہے ، موسم نیا نیا
بدلا جو میں نے زاویہ ، عالم نیا نیا
تازہ ہے دوستی ابھی لہجے نہ جانچئے
کھُلتا ہے تار تار یہ ریشم نیا نیا
دل کی خلش بڑھی ہے تری قربتوں سے اور
زخموں کو جیسے ملتا ہے مرہم نیا نیا
ہر عکس کرچیاں سی چبھاتا ہے آنکھ میں
پتھر اور آئنے کا ہے سنگم نیا نیا
یارب ہو میرے شہر ِسیاست میں سب کی خیر
گلیوں میں پھر اٹھا کوئی پرچم نیا نیا
پیروں کو یوں بھی رقص کی عادت نہیں ظہیر
چھیڑا ہے زندگی نے بھی سرگم نیا نیا
ظہیراحمدظہیر ۔۔۔۔۔۔ ۔۔ ۲۰۰۲
ٹیگ: سید عاطف علی کاشف اختر محمد تابش صدیقی فاتح
اکمل زیدی — جنوری 1، 2016 6:45 صبح
@ظہیراحمدظہیر بھائی ...ایک کمال ہے ...بلکے کمال در کمال ہے ..وہ یہ کے آپ کے پاس تکنیک بھی پوری ہے اور اس پر خیال بھی بہترین ہیں ...جیسے حسن اور ذہانت کا ملاپ کہیے ...
محمد تابش صدیقی — جنوری 1، 2016 6:52 صبح
بہت عمدہ ظہیر بھائی۔ بہت خوبصورت انداز سے تخیل بیان کیا ہے۔
دل کی خلش بڑھی ہے تری قربتوں سے اور
زخموں کو جیسے ملتا ہے مرہم نیا نیا
ہر عکس کرچیاں سی چبھاتا ہے آنکھ میں
پتھر اور آئنے کا ہے سنگم نیا نیا​
فاتح — جنوری 1، 2016 1:13 شام
واہ واہ جناب کس خوبصورتی سے ردیف کو ہر شعر میں نیا نیا رکھا ہے۔
ظہیراحمدظہیر — جنوری 4، 2016 5:51 شام
.. ...جیسے حسن اور ذہانت کا ملاپ کہیے ...
بہت بہت شکریہ، بہت نوازش اکمل صاحب اس پذیرائی کے لئے!
یعنی آپ نے سیدھا سیدھا اس حقیر پُرتقصیر کو ’’ اُن ‘‘ سے تشبیہ دیدی ہے۔:):):)
محمداحمد — فروری 20، 2016 7:10 صبح
منظر وہی پرانا ہے ، موسم نیا نیا
بدلا جو میں نے زاویہ ، عالم نیا نیا
واہ!
اپنے محترم بھائی اور استاد "عبید الرحمٰن عبید" کا شعر یاد آگیا:

ہم نے منظر کوئی نہیں بدلا
زاویے روشنی کے بدلے ہیں​

تازہ ہے دوستی ابھی لہجے نہ جانچئے
کھُلتا ہے تار تار یہ ریشم نیا نیا
واہ کیا کہنے۔
کھلتا ہے تار تار یہ ریشم نیا نیا
یارب ہو میرے شہر ِسیاست میں سب کی خیر
گلیوں میں پھر اٹھا کوئی پرچم نیا نیا

سچ کہا۔
بقول افتخار عارف:

وہ ایک خواب جسے مل کے سب نے دیکھا تھا
اب اپنے اپنے قبیلے میں بٹ کے دیکھتے ہیں​

پیروں کو یوں بھی رقص کی عادت نہیں ظہیر
چھیڑا ہے زندگی نے بھی سرگم نیا نیا

واہ۔۔۔۔۔!
ماشاءاللہ۔
ہمیشہ کی طرح لاجواب غزل۔
ناچیز کی جانب سے داد قبول کیجے۔

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D9%85%D9%86%D8%B8%D8%B1-%D9%88%DB%81%DB%8C-%D9%BE%D8%B1%D8%A7%D9%86%D8%A7-%DB%81%DB%92-%D8%8C-%D9%85%D9%88%D8%B3%D9%85-%D9%86%DB%8C%D8%A7-%D9%86%DB%8C%D8%A7.86827/