مٹی سنوار کر مری ، دیپک میں ڈھال دے

ظہیراحمدظہیر — فروری 13، 2018 4:39 صبح
مٹی سنوار کر مری ، دیپک میں ڈھال دے
مجھ کو جلا کے پھر مری دنیا اُجال دے
مجھ کو اُٹھا کے رکھ کسی طوفاں کی آنکھ میں
ہر موج ِ مضطرب مرے سر سے اچھال دے
ٹکرادے حوصلہ مرا آلام ِ زیست سے
مرنے کی آرزو کو بھی دل سے نکال دے
پامال راستوں سے ہٹا کر مرے قدم
نایافت منزلوں کے اشارے پہ ڈال دے
اک مستعار آگہی اُلجھا گئی ہے ذہن
دے مجھ کو سوچ میری اور اپنا خیال دے
خاموشیوں کے دہر میں لائے جو ارتعاش
مجبور مصلحت کو وہ حرفِ مجال دے
( ناتمام)
ظہیر احمد ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۲۰۰۸​
محمد تابش صدیقی — فروری 13، 2018 4:47 صبح
مٹی سنوار کر مری ، دیپک میں ڈھال دے
مجھ کو جلا کے پھر مری دنیا اُجال دے

ٹکرادے حوصلہ مرا آلام ِ زیست سے
مرنے کی آرزو کو بھی دل سے نکال دے

پامال راستوں سے ہٹا کر مرے قدم
نایافت منزلوں کے اشارے پہ ڈال دے
بہت خوب ظہیر بھائی
الف عین — فروری 13، 2018 5:56 صبح
خوب۔ مگر چھ اشعار تو ہو چکے، نا مکمل کیسے؟
محمد تابش صدیقی — فروری 13، 2018 6:03 صبح
خوب۔ مگر چھ اشعار تو ہو چکے، نا مکمل کیسے؟
غالباً مقطع کہہ کر مکمل کرنا چاہ رہے ہوں۔ :)
منیب الف — فروری 14، 2018 4:13 شام
کیا کہنے! ایک جلال ہے ہر شعر میں۔
فاتح — فروری 14، 2018 4:27 شام
واہ واہ واہ ظہیر بھائی کیا ہی تر و تازہ اشعار ہیں۔ ڈھیروں داد
ظہیراحمدظہیر — فروری 19، 2018 8:24 شام
خوب۔ مگر چھ اشعار تو ہو چکے، نا مکمل کیسے؟
اعجاز بھائی ، دو تین اشعار اس غزل کے اور ملے تھے لیکن ان میں اس قدر کاٹ پیٹ تھی کہ فی الفور ان کی کوئی معقول صورت بنتی نطر نہیں آئی ۔ اٹھا کر رکھ دیئے ہیں کہ فرصت ملی اور طبیعت ادھر آئی تو شایدنوک پلک درست کرلوں اورپھر بعد میں اضافہ کردوں ۔
ظہیراحمدظہیر — فروری 19، 2018 8:26 شام
بہت خوب ظہیر بھائی
آداب تابش بھائی ! نوازش ! مجھے یقین تھا کہ اس طرح کے مضامین آپ کو پسند آئیں گے ۔ :)
ظہیراحمدظہیر — فروری 19، 2018 8:27 شام
کیا کہنے! ایک جلال ہے ہر شعر میں۔
بہت شکریہ منیب الف! بزمِ شعر میں خوش آمدید! اگر وقت ملے تو باقاعدہ تعارف کروائیے تاکہ ہم سب مل کر آپ کو خوش آمدید کہہ سکیں ۔
ظہیراحمدظہیر — فروری 19، 2018 8:29 شام
واہ واہ واہ ظہیر بھائی کیا ہی تر و تازہ اشعار ہیں۔ ڈھیروں داد
بہت شکریہ فاتح بھائی ! آپ کا حرفِ تحسین سند ہے !! اللہ آپ کو خوش رکھے! آباد رکھے!

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D9%85%D9%B9%DB%8C-%D8%B3%D9%86%D9%88%D8%A7%D8%B1-%DA%A9%D8%B1-%D9%85%D8%B1%DB%8C-%D8%8C-%D8%AF%DB%8C%D9%BE%DA%A9-%D9%85%DB%8C%DA%BA-%DA%88%DA%BE%D8%A7%D9%84-%D8%AF%DB%92.100141/