نئی غزل

محمد شکیل خورشید — جنوری 8، 2020 10:59 صبح
دلِ برباد تو برباد تری یاد سے ہے
یہ مرا غم مرے ہمزاد تری یاد سے ہے
یوں تو ہر درد زمانے کا بسا ہے اس میں
پھر بھی یہ خانماں آباد تری یاد سے ہے
یہ سفر عمر کا کٹنا تو ہے دھیرے دھیرے
گرچہ اس راہ کا سب زاد تری یاد سے ہے
مرے سب حرف سبھی شعر تمہارے ہی تو ہیں
مرے اندوہ کی روداد تری یاد سے ہے
ضبط کے رنگ ہزاروں ہیں مگر جانِ شکیل
گریہ و نالہ و فریاد تری یاد سے ہے
محترم الف عین
محترم محمد خلیل الرحمٰن
اور دیگر اساتذہ و احباب کی توجہ کا طالب
محمد احسن سمیع راحلؔ — جنوری 8، 2020 12:34 شام
ماشاءاللہ، بہت خوب! عمدہ غزل ہے
ذیل کے شعر میں مصرعوں کا ربط سمجھ نہیں آسکا
یہ سفر عمر کا کٹنا تو ہے دھیرے دھیرے
گرچہ اس راہ کا سب زاد تری یاد سے ہے
یعنی اس کی یاد کے زاد راہ فراہم کرنے کا سفر کے دھیرے دھیرے کٹنے کا تعلق واضح نہیں ہورہا، ممکن ہے میرے فہم کا نقص ہو۔
ایک بار پھر داد و مبارک باد قبول کیجئے۔
دعا گو،
راحلؔ۔
الف عین — جنوری 11، 2020 4:55 صبح
اچھی غزل ہے۔ زاد والا شعر بھی مجھے درست لگ رہا ہے
البتہ چوتھے شعر میں شتر گربہ پیدا ہو گیا ہے، اسے دیکھ لیں
محمد شکیل خورشید — جنوری 16، 2020 10:38 صبح
اچھی غزل ہے۔ زاد والا شعر بھی مجھے درست لگ رہا ہے
البتہ چوتھے شعر میں شتر گربہ پیدا ہو گیا ہے، اسے دیکھ لیں
حوصلہ افزائی کا شکریہ، مجھے اندازا نہیں تھا کہ تیرا اور تمہارا کا فرق بھی شتر گربہ میں شمار ہوتا ہے، درستگی کی کوشش کرتا ہوں
امجد علی راجا — جنوری 16، 2020 7:50 شام
ماشاءاللہ عمدہ کلام۔
داد قبول فرمائیں۔
ظہیراحمدظہیر — جنوری 16، 2020 8:30 شام
واہ1 بہت خوب ! اچھی غزل ہے شکیل بھائی۔
شکیل بھائی ، زاد کا مفرد استعمال اردو میں رائج نہیں ۔ یہ ہمیشہ ترکیبِ اضافی کی صورت میں استعمال ہوتا ہے ۔ زادِ سفر ، زادِ راہ وغیرہ۔
محمد احسن سمیع راحلؔ — جنوری 16، 2020 9:35 شام
۔
محمد شکیل خورشید — جنوری 17، 2020 6:21 صبح
اچھی غزل ہے۔ زاد والا شعر بھی مجھے درست لگ رہا ہے
البتہ چوتھے شعر میں شتر گربہ پیدا ہو گیا ہے، اسے دیکھ لیں
مرے سب حرف سبھی شعر ترے دم ہی سے ہیں
مرے اندوہ کی روداد تری یاد سے ہے
کیا یوں مناسب رہے گا؟
الف عین — جنوری 18، 2020 4:27 صبح
مرے سب حرف سبھی شعر ترے دم ہی سے ہیں
مرے اندوہ کی روداد تری یاد سے ہے
کیا یوں مناسب رہے گا؟
ٹھیک ہے
محمد شکیل خورشید — جنوری 18، 2020 7:54 شام
شکریہ استاد محترم

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D9%86%D8%A6%DB%8C-%D8%BA%D8%B2%D9%84.109868/