نظم: ام الکتاب (سورۃ الفاتحہ کا منظوم مفہوم) ٭ تابش

محمد تابش صدیقی — مئی 7، 2019 6:49 صبح
ام الکتاب
سورۃ الفاتحہ کا منظوم مفہوم
٭
لائقِ ہر ثنا، مالکِ دوجہاں
تو بڑا مہرباں، تیری رحمت رواں
بادشاہی بچے گی تری ہی یہاں
جب الٹ جائے گی یہ بساطِ جہاں
ہیں ہماری عبادات تیرے لیے
تیرے آگے ہی پھیلائے ہیں جھولیاں
سیدھے رستے پہ ہم کو چلا اے خدا!
یعنی ہم کو دکھا جادۂ منعماں
اپنے مغضوب لوگوں کی رہ سے بچا
مت بنا ہم کو ہمراہیِ گمرہاں

٭٭٭
محمد تابش صدیقی
فہد اشرف — مئی 7، 2019 7:26 صبح
بہت خوب تابش، سبحان اللہ۔
دوسرے شعر میں آپ نے شاید لپٹ جائے گی کو لپیٹ دی جائے گی معنی میں استعمال کیا جو کہ صحیح نہیں لگ رہا ہے۔ ایک بہتر متبادل پلٹ جائے گی ہو سکتا ہے لیکن اس سے لپیٹ دی جائے گی کا معنی نہیں پیدا ہو گا۔
محمد تابش صدیقی — مئی 7، 2019 7:39 صبح
بہت خوب تابش، سبحان اللہ۔
دوسرے شعر میں آپ نے شاید لپٹ جائے گی کو لپیٹ دی جائے گی معنی میں استعمال کیا جو کہ صحیح نہیں لگ رہا ہے۔ ایک بہتر متبادل پلٹ جائے گی ہو سکتا ہے لیکن اس سے لپیٹ دی جائے گی کا معنی نہیں پیدا ہو گا۔
جزاک اللہ خیر۔
کوئی مناسب متبادل ملتا ہے تو بدل دیتا ہوں۔
محمد تابش صدیقی — مئی 7، 2019 7:46 صبح
بہت خوب تابش، سبحان اللہ۔
دوسرے شعر میں آپ نے شاید لپٹ جائے گی کو لپیٹ دی جائے گی معنی میں استعمال کیا جو کہ صحیح نہیں لگ رہا ہے۔ ایک بہتر متبادل پلٹ جائے گی ہو سکتا ہے لیکن اس سے لپیٹ دی جائے گی کا معنی نہیں پیدا ہو گا۔
جب الٹ جائے گی یہ بساطِ جہاں
عرفان سعید — مئی 19، 2019 10:06 شام
بہت خوب تابش بھائی!
دو سوال پیشِ خدمت ہیں۔
اپنے مغضوب لوگوں کی رہ سے بچا
مت بنا ہم کو ہمراہیِ گمرہاں
1۔ درست املا ہمراہیِ گمرہاں ہو گی یا ہمراہیٔ گمرہاں؟
2۔ گمرہاں کس قاعدے سے وجود میں آیا ہے؟
فہد اشرف — مئی 19، 2019 10:45 شام
دو سوال پیشِ خدمت ہیں۔
1۔ درست املا ہمراہیِ گمرہاں ہو گی یا ہمراہیٔ گمرہاں؟
2۔ گمرہاں کس قاعدے سے وجود میں آیا ہے؟
1- میرے خیال سے ی کے ساتھ کسرۂ اضافت ہی استعمال ہوتا ہے قواعد کے رو سے کیا درست ہے وہ اہل علم بتائیں گے۔
2- لاحقۂ جمع 'اں' کے استعمال سے۔
محمد تابش صدیقی — مئی 19، 2019 11:09 شام
بہت خوب تابش بھائی!
دو سوال پیشِ خدمت ہیں۔
1۔ درست املا ہمراہیِ گمرہاں ہو گی یا ہمراہیٔ گمرہاں؟
2۔ گمرہاں کس قاعدے سے وجود میں آیا ہے؟
جزاک اللہ خیر
1۔ ہمراہیِ گمرہاں۔ ی کے ساتھ اضافت آتی ہے۔
2۔ قاعدہ اردو دان حضرات جانیں۔ میں نے تو جمع کا یہ انداز مستعمل دیکھا، اور استعمال کر لیا۔ :)
محمد خلیل الرحمٰن — مئی 20، 2019 12:05 صبح
ہمارے ناقص خیال میں یہاں "ہمیں ہمراہیِ گمرہاں سے بچا" کا
یا " ہمیں ہمرہانِ گمرہاں" مت بنا کا محل ہے۔
وللہ اعلم
فاتح — مئی 20، 2019 12:06 صبح
واہ واہ خوبصورت منظوم ترجمہ ہے۔ مبروک تابش بھائی۔
1۔ درست املا ہمراہیِ گمرہاں ہو گی یا ہمراہیٔ گمرہاں؟
درست املا وہی ہے جو تابش بھائی نے لکھی۔
2۔ گمرہاں کس قاعدے سے وجود میں آیا ہے؟
راہ اور رہ دونوں مستعمل ہیں اس لیے گمراہ اور گمرہ اور گمراہان اور گمرہان ہر دو طرح درست ہیں۔
ہر اک ٹھوکر کی زد میں لاکھ منزل
ہمیں ڈھونڈو، نصیبِ گمرہاں ہم
(مجید امجد)
انشاؔ کروں جو پیرویِ شیخ و برہمن
میں بھی انہوں کی طرح سے جوں گمرہاں رہوں
(انشاء اللہ خان انشا)
محمد تابش صدیقی — مئی 20، 2019 5:05 صبح
ہمارے ناقص خیال میں یہاں "ہمیں ہمراہیِ گمرہاں سے بچا" کا
یا " ہمیں ہمرہانِ گمرہاں" مت بنا کا محل ہے۔
وللہ اعلم
میرا خیال ہے
گمراہوں کی ہمراہی سے بچا
یا
گمراہوں کا ہمراہی مت بنا
دونوں ہی درست ہیں۔ :)
محمد تابش صدیقی — مئی 20، 2019 5:06 صبح
واہ واہ خوبصورت منظوم ترجمہ ہے۔ مبروک تابش بھائی۔
جزاک اللہ خیر فاتح بھائی۔
اسناد فراہم کرنے پر بھی ممنون ہوں۔ :)
عرفان سعید — مئی 21، 2019 6:31 شام
راہ اور رہ دونوں مستعمل ہیں اس لیے گمراہ اور گمرہ اور گمراہان اور گمرہان ہر دو طرح درست ہیں۔
فاتح بھائی! راہ کے متبادل رہ، گمراہ کے متبادل گمرہ لانے کا اصول کیا عمومی نوعیت کا ہے یا چند الفاظ کے لیے مخصوص ہے؟
فاتح — مئی 21، 2019 7:32 شام
فاتح بھائی! راہ کے متبادل رہ، گمراہ کے متبادل گمرہ لانے کا اصول کیا عمومی نوعیت کا ہے یا چند الفاظ کے لیے مخصوص ہے؟
ضرورت شعری ۔
سند تو یہی ہے کہ اگر اساتذہ نے برتا ہے تو برت لیں۔
ویسے فارسی کے وہ الفاظ جن کے آخر میں اہ آتا ہو مثلاً راہ، گاہ ، ماہ وغیرہ کا الف گرا کر بالترتیب رہ، گہ، مہ، وغیرہ بھی مستعمل ہیں۔
محمد تابش صدیقی — مئی 21، 2019 7:44 شام
ضرورت شعری ۔
سند تو یہی ہے کہ اگر اساتذہ نے برتا ہے تو برت لیں۔
ویسے فارسی کے وہ الفاظ جن کے آخر میں اہ آتا ہو مثلاً راہ، گاہ ، ماہ وغیرہ کا الف گرا کر بالترتیب رہ، گہ، مہ، وغیرہ بھی مستعمل ہیں۔
پناہ پنہ، نگاہ نگہ، گناہ گنہ
جاسمن — ستمبر 25، 2019 4:37 شام
ماشاءاللہ۔
زبردست!
اللہ نے کیا کلام اتارا آپ کے ذہن میں!
سبحان اللہ۔ سبحان اللہ۔

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D9%86%D8%B8%D9%85-%D8%A7%D9%85-%D8%A7%D9%84%DA%A9%D8%AA%D8%A7%D8%A8-%D8%B3%D9%88%D8%B1%DB%83-%D8%A7%D9%84%D9%81%D8%A7%D8%AA%D8%AD%DB%81-%DA%A9%D8%A7-%D9%85%D9%86%D8%B8%D9%88%D9%85-%D9%85%D9%81%DB%81%D9%88%D9%85-%D9%AD-%D8%AA%D8%A7%D8%A8%D8%B4.106748/