ٓآسرے توڑتے ہیں ، کتنے ستم توڑتے ہیں

ظہیراحمدظہیر — دسمبر 22، 2015 3:12 شام
آسرے توڑتے ہیں ، کتنے بھرم توڑتے ہیں
حادثے دل پہ مرے دُہرا ستم توڑتے ہیں
آ ستینوں میں خداوند چھپا کر اتنے
لوگ کن ہاتھوں سے پتھر کے صنم توڑتے ہیں
اُٹھ گئی رسمِ صدا شہر ِ طلب سے کب کی
اب تو کشکولِ ہوس بابِ کرم توڑتے ہیں
جھوٹی تعبیر کے آرام کدے سے تو نکل
خواب کتنے تری دہلیز پہ دم توڑتے ہیں
ہم نے اُس شہر میں بھی پاسِ وفا رکھا ہے
قیس و فرہاد جہاں روز قسم توڑتے ہیں
پڑھنے والے پڑھا کرتے ہیں ترے چہرے کو
لکھنے والے ترے قدموں میں قلم توڑتے ہیں
تیرا اعجاز کہ ہم تیری اسیری کے لئے
دامِ صد حلقہء دینار و درم توڑتے ہیں
۔۔۔۔۔۔ ۲۰۱۴ ۔۔۔۔۔۔۔۔​
سید عاطف علی — دسمبر 22، 2015 3:27 شام
واہ بہت اچھے ظہیر صاحب ۔
ظہیراحمدظہیر — دسمبر 23، 2015 5:54 شام
واہ بہت اچھے ظہیر صاحب ۔
بہت شکریہ عاطف ، بس محبت ہے یہ آپکی۔
فاتح — دسمبر 23، 2015 9:31 شام
واہ ، کس کس شعر پر داد دوں کہ تمام اشعار ہی کمال ہیں۔
سید اسد معروف — دسمبر 24، 2015 6:54 شام
پڑھنے والے پڑھا کرتے ہیں ترے چہرے کو
لکھنے والے ترے قدموں میں قلم توڑتے ہیں
واقعی لاجواب۔ ظہیر بھائی آپ چھا گئے ہیں۔
ظہیراحمدظہیر — دسمبر 24، 2015 8:24 شام
واقعی لاجواب۔ ظہیر بھائی آپ چھا گئے ہیں۔
ارے اسد بھائی ، یہ کس قسم کی غیر شاعرانہ داد دی آپ نے ۔ :):):) واہ واہ کی حد تک تو ٹھیک ہے لیکن اب ایسی باتیں نہ کیجئے ۔
آپ کو غزل پسند آئی ۔ محبت ہے آپ کی ۔ اللہ آپ کو خوش رکھے ۔ ذوق سلامت رہے!
سید اسد معروف — دسمبر 24، 2015 8:50 شام
حضرت آپ کی غزل پڑھ کر بے ساختہ لکھ دیا۔۔ برا مت مانیے گا۔ خوش رہیے۔
حسیب احمد ساحل — دسمبر 24، 2015 9:00 شام
بہت اعلیٰ
ظہیراحمدظہیر — دسمبر 25، 2015 3:01 صبح
واہ ، کس کس شعر پر داد دوں کہ تمام اشعار ہی کمال ہیں۔
بہت محبت فاتح بھائی ! بڑی کرم نوازی ہے ! شاد و آباد رہیئے!
ظہیراحمدظہیر — دسمبر 25، 2015 3:03 صبح

بہت شکریہ حسیب احمد ساحل! محفل میں خوش آمدید! تعارف کے زمرے میں اپنا تعارف کروائیے تاکہ سب لوگ آپ کا استقبال کرسکیں ۔
ظہیراحمدظہیر — دسمبر 25، 2015 3:10 صبح
حضرت آپ کی غزل پڑھ کر بے ساختہ لکھ دیا۔۔ برا مت مانیے گا۔ خوش رہیے۔
ارے اسد بھائی اس میں برا ماننا کیسا ۔ میں نے جملے کے آخر میں تین گول گپّے لگائے تو تھے ۔آپ کی داد تو اچھی لگی ۔ بس میری انکساری آپکی شاعرانہ پسلی میں ٹہوکا دے رہی تھی اور بس۔
:):):)
ویسےآپس کی بات یہ ہے کہ براماننے کے تمام ذاتی حقوق شادی کے فورا بعد ہم نے اپنے سسرال والوں کو برآمد کردئیے تھے ۔
الف عین — دسمبر 25، 2015 3:02 شام
غزل تو ماشاء اللہ ہے ہی اچھی، گول گپے بھی پسند آئے!!
ظہیراحمدظہیر — دسمبر 27، 2015 6:01 صبح
غزل تو ماشاء اللہ ہے ہی اچھی، گول گپے بھی پسند آئے!!

بہت شکریہ اعجاز بھائی ۔
یہ لیجئے کچھ آپ کے لئے بھی ۔ :):):):):)

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D9%93%D8%A2%D8%B3%D8%B1%DB%92-%D8%AA%D9%88%DA%91%D8%AA%DB%92-%DB%81%DB%8C%DA%BA-%D8%8C-%DA%A9%D8%AA%D9%86%DB%92-%D8%B3%D8%AA%D9%85-%D8%AA%D9%88%DA%91%D8%AA%DB%92-%DB%81%DB%8C%DA%BA.86586/