چراغ ِ شب

سیدہ سارا غزل — اکتوبر 14، 2011 8:02 صبح
رات بھر تاریکیوں پر مسکرائے ہیں چراغ
صبح ِ دم لیکن اجالوں نے بجھائے ہیں چراغ
قریہء غم میں چراغاں کا ہے منظر خواب سا
دل کی دیواروں پہ یادوں نے سجائے ہیں چراغ
زعفراں کی کھیتیوں پر جس طرح آئے بہار
سینہء پرخوں میں ایسے جگمگائے ہیں چراغ
شہسوار ِ آرزو کی برق رفتاری سے آج
دور تک گرد ِ سفر میں تھرتھرائے ہیں چراغ
چشم ِ حیرت سے انہیں کو دیکھتی ہے کائنات
وقت کے دریا میں جو ہم نے بہائے ہیں چراغ
ہم نے صحرا کے سفر کو جگمگانے کے لئے
چاند اور سورج کی مٹی سے بنائے ہیں چراغ
پیکر ِ گل شعلہء خوشبو سے جلتے ہیں غزل
ہم سمجھتے ہیں ہواؤں نے جلائے ہیں چراغ
سیدہ سارا ہاشمی غزل
ابن سعید — اکتوبر 14، 2011 8:10 صبح
اردو محفل میں خوش آمدید۔ امید ہے کہ یہاں آپ کا وقت بہت اچھا گذرے گا اور ہمیں آپ سے سیکھنے کا موقع میسر آتا رہے گا۔ ہمیں خوشی ہوگی اگر آپ تعارف کے زمرے میں اپنا تعارف کرا سکیں۔ امید ہے کہ آُ کو محفلین کا تعاون حاصل رہے گا۔ کسی بھی مشکل کی صورت میں محفل انتظامیہ سے بلا تکلف رابطہ فرمائیں۔
بڑا خوبصورت اور نپا تلا سا کلام ہے۔ بعض اشعار تو بس لطف ہی دے گئے۔ :)
سیدہ سارا غزل — اکتوبر 14، 2011 8:44 صبح
ٓابن سعید صاحب آپ کی پسندیدگی اورحوصلہ افزائی کا بیحد شکریہ، میں سیدہ سارا ہاشمی غزل کراچی ، پاکستان سے تعلق رکھتی ہوں، ایم۔ فل ( اکنامکس ) کی طالبہ ہوں ۔ آپ کی شفقت کے لئے شکر گزار ہوں۔
فاروق درویش — اکتوبر 14، 2011 8:47 صبح
بہت خوب سارا بیٹا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مقطع حاصل ِ غزل ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جگ جگ جئیں
سیدہ سارا غزل — اکتوبر 14، 2011 8:49 صبح
شکریہ سر فاروق درویش صاحب، یہ سب آپ کی راہنمائی اور خصوصی شفقت کا ہی نتیجہ ہے۔ سلامت رہیں
ابن سعید — اکتوبر 14، 2011 2:37 شام
ٓابن سعید صاحب آپ کی پسندیدگی اورحوصلہ افزائی کا بیحد شکریہ، میں سیدہ سارا ہاشمی غزل کراچی ، پاکستان سے تعلق رکھتی ہوں، ایم۔ فل ( اکنامکس ) کی طالبہ ہوں ۔ آپ کی شفقت کے لئے شکر گزار ہوں۔

بٹیا رانی، تعارف کا زمرہ یہاں ہے۔ :)
الف عین — اکتوبر 14، 2011 4:47 شام
غزل کی اچھی غزل ہے۔ خوش آمدید غزل۔۔ میرا مطلب ہے سارا غزل، اردو محفل میں۔
محمد وارث — اکتوبر 15، 2011 8:35 صبح
خوب غزل ہے آپ کی سیدہ صاحبہ۔
مقطع واقعی بیت الغزل ہے
پیکر ِ گل، شعلہٴ خوشبو سے جلتے ہیں، غزل
ہم سمجھتے ہیں ہواؤں نے جلائے ہیں چراغ
واہ واہ واہ، لاجواب
سیدہ سارا غزل — اکتوبر 15، 2011 10:22 صبح
سر وارث صاحب ، پسندیدگی اور حوصلہ افزائی کا بیحد شکریہ ۔
سیدہ سارا غزل — اکتوبر 15، 2011 10:23 صبح
بہت شکریہ سر الف عین،
محمداحمد — اکتوبر 15، 2011 10:45 صبح
بہت خوب سارا غزل صاحبہ بہت اچھی غزل ہے پڑھ کر لطف آیا۔ خاص طور پر مقطع واقعی لاجواب ہے۔
محفل میں آپ کا خیر مقدم ہے ۔ خوش رہیے ۔
سیدہ سارا غزل — اکتوبر 15، 2011 11:19 صبح
سر ابن سعید میں نے آپ کے حکم کی تعمیل میں اپنا تعارف پوسٹ کر دیا۔ خوش رھئے
سیدہ سارا غزل — اکتوبر 15، 2011 11:20 صبح
سر محمد احمد صاحب۔ بہت شکریہ اس حوصلہ افزائی کا ۔ دعا گو ہوں سدا خوش و خرم رہیں

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%DA%86%D8%B1%D8%A7%D8%BA-%D9%90-%D8%B4%D8%A8.34812/