چشمِ فلک بتا یہ کہاں کا رواج ہے

امان زرگر — دسمبر 27، 2018 6:18 شام
۔۔۔
لہجہ ہے تلخ جس کا، جو آتش مزاج ہے
وہ یارِ تند خو مرے پہلو میں آج ہے
اٹکی ہے جان لب پہ مرے چارہ گر بتا
جز مرگ دردِ دل کا کہیں کچھ علاج ہے
ہمدرد بن کے ساتھ بھی راہِ جنوں میں تھا
دشمن بھی میری جان کا میرا سماج ہے
کل تک دروسِ الفت اسی نے مجھے دیئے
مجھ خانماں خراب پہ اب جس کو لاج ہے
زرگر نہ تڑپے نوکِ سناں پر بریدہ سر
چشمِ فلک بتا یہ کہاں کا رواج ہے
امان زرگر
فرحان محمد خان — دسمبر 28، 2018 4:49 صبح
بہت عمدہ غزل بھائی واہ
محمد عدنان اکبری نقیبی — دسمبر 28، 2018 5:57 صبح
زبردست امان بھائی ،
شاندار غزل پیش کرنے پر بہت مبارک باد۔
امان زرگر — دسمبر 28، 2018 10:27 صبح
بہت عمدہ غزل بھائی واہ

زبردست امان بھائی ،
شاندار غزل پیش کرنے پر بہت مبارک باد۔
شکر گزار ہوں آپ احباب کا۔
الف عین — دسمبر 29، 2018 4:51 صبح
واہ، یہ کون سی غزلیں نکال رہے ہیں؟ نک سک سے درست اور مکمل اعتماد کے ساتھ! بہت مبارک ہو یہ اعتماد بھی۔ مجھے تم پر فخر محسوس ہوا
امان زرگر — دسمبر 29، 2018 8:26 صبح
واہ، یہ کون سی غزلیں نکال رہے ہیں؟ نک سک سے درست اور مکمل اعتماد کے ساتھ! بہت مبارک ہو یہ اعتماد بھی۔ مجھے تم پر فخر محسوس ہوا
یہ سب آپ کی توجہ اور کرم نوازی کے باعث ہے۔ دل میں آیا کہ کب تک اصلاح کے زمرے میں اساتذہ کو تکلیف دیتا رہوں۔ سو اللہ کا نام لے کے اس زمرے میں قدم رکھ دیا اور اب آپ کے اس تبصرے نے تو دل اتنا بڑا کر دیا کہ بیان کرنے کو الفاظ نہیں مل رہے۔ ہر قدم رہنمائی کا طلبگار ہوں۔ شکر گزار بھی ہوں۔ اللہ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔
امان زرگر — دسمبر 29، 2018 3:20 شام
۔۔۔
دو اشعار مزید شامل کئے ہیں۔
تکمیلِ داستان کو حاضر ہے میرا خوں
اک حادثے کی اس کو اگر احتیاج ہے
مایا ہے حسن و خوبئِ عالم مرے لئے
نظروں میں رنگ و نور کا وہ امتزاج ہے
امان زرگر — دسمبر 29، 2018 3:21 شام
سر محمد تابش صدیقی ہو سکے تو اصل مراسلے میں تدوین کی اجازت مرحمت فرمائیں۔
الف عین — دسمبر 30، 2018 4:19 صبح
اچھے اشعار ہیں نئے اشعار بھی، بس
مایا ہے حسن و خوبئِ عالم مرے لئے
نظروں میں رنگ و نور کا وہ امتزاج ہے
میں مایا لفظ ہندی کا عجیب لگتا ہے
ہے اک فریب خوبی.... کیا جا سکتا ہے
سید عاطف علی — دسمبر 30، 2018 4:27 صبح
آخر میں چشم فلک کو مخاطب کیا ہے جب کہ فلک کو مخاطب کر نا چاہیئے ۔
چشم فلک ہی لانا ہے تو اسے کسی اور طرح برتا جانا چاہیئے۔۔۔رائے۔
باقی اچھی ہے غزل ۔
امان زرگر — دسمبر 30، 2018 4:46 صبح
اچھے اشعار ہیں نئے اشعار بھی، بس
مایا ہے حسن و خوبئِ عالم مرے لئے
نظروں میں رنگ و نور کا وہ امتزاج ہے
میں مایا لفظ ہندی کا عجیب لگتا ہے
ہے اک فریب خوبی.... کیا جا سکتا ہے
پہلے
بے مایہ حسن و خوبئِ عالم مرے لئے
نظروں میں رنگ و نور کا وہ امتزاج ہے
بھی کہا تھا۔
لیکن آپ کی تجویز بہت خوب ہے
ہے اک فریب خوبئِ عالم مرے لئے
نظروں میں رنگ و نور کا وہ امتزاج ہے
امان زرگر — دسمبر 30، 2018 5:30 صبح
آخر میں چشم فلک کو مخاطب کیا ہے جب کہ فلک کو مخاطب کر نا چاہیئے ۔
چشم فلک ہی لانا ہے تو اسے کسی اور طرح برتا جانا چاہیئے۔۔۔رائے۔
باقی اچھی ہے غزل ۔
کہنہ مشق شخصیت کی جانب سے رائے کا آنا میرے لئے باعثِ افتخار ہے۔ لیکن میں سمجھ نہیں پا رہا کہ چشمِ فلک کی بجائے فلک کو مخاطب کرنے کی کوئی خاص وجہ کیا ہے۔
سید عاطف علی — دسمبر 30، 2018 5:53 صبح
کہنہ مشق شخصیت کی جانب سے رائے کا آنا میرے لئے باعثِ افتخار ہے۔ لیکن میں سمجھ نہیں پا رہا کہ چشمِ فلک کی بجائے فلک کو مخاطب کرنے کی کوئی خاص وجہ کیا ہے۔
چشم فلک اس طرح استعمال ہو تا ہے کہ" چشم فلک نے دیکھا کہ ۔۔۔ " یعنی یہ (غیر معمولی) واقعہ ہوا۔۔۔
البتہ آپ چشم فلک کی جگہ فلک کو مخاطب کر کے دیکھیں ،شعر کا اسلوب بہتر ہو گا ۔ ویسے اگر آپ متفق نہیں تو رہنے دیجیئے کہ یہ محض انفرادی رائے ہے۔
کچھ تو دے اے فلک نا انصاف۔آہ و فریاد کی فرصت ہی سہی
اے فلک تجھ کو قسم ہے مری اس کو نہ بجھا
کہ غریبوں کو چراغ شب تاریک ہے دل
یاسر شاہ — دسمبر 30، 2018 10:24 صبح
مجھ خانماں خراب پہ اب جس کو لاج ہے
زرگر صاحب "لاج" بھی "شرم" کی طرح استعمال ہوتا ہے -مجھ سے آپ کو لاج تو ہو سکتی ہے 'مجھ پر آپ کو لاج نہیں -
امان زرگر — دسمبر 30، 2018 11:37 صبح
..

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%DA%86%D8%B4%D9%85%D9%90-%D9%81%D9%84%DA%A9-%D8%A8%D8%AA%D8%A7-%DB%8C%DB%81-%DA%A9%DB%81%D8%A7%DA%BA-%DA%A9%D8%A7-%D8%B1%D9%88%D8%A7%D8%AC-%DB%81%DB%92.104849/