چھوڑ جاتے ہی۔

رشید حسرت — فروری 9، 2021 10:03 صبح
چھوڑ جاتے ہی۔
مِلا ہے دِل کو سُکوں تیرے پاس آتے ہی
کِھلی ہے کوئی کلی گِیت گُنگنائے ہی
میں اپنی آنکھوں کی کم مائگی پہ نادِم ہوں
چھلک پڑی ہیں یہ کم ظرف مُسکراتے ہی
میں نامُراد بھلا تھا، بتاؤں کیا لوگو
ہزاروں درد ملے اک خُوشی کے آتے ہی
مُجھے یہ دُکھ کہ مُحبّت میں کُچھ نہ کر پایا
تُو رو پڑا ہے مگر مُجھ کو آزماتے ہی
تُجھے خبر ہے یہاں اب ہے راج زردی کا
نگر اُجاڑ ہُؤا تیرے چھوڑ جاتے ہی
غِلاف چہروں پہ جِن کے تھے عاجزی کے کبھی
بدل گئے ہیں وہ رُخ اِقتدار پاتے ہی
نِڈھال غم سے وہ چُپ چاپ تھا مگر یارو
بِلک کے رویا ہے احساس کے جگاتے ہی
تُجھی سے رنگ تھے محفِل کے، تیرا جانا تھا
چراغ زرد پڑے محفلیں سجاتے ہی
رشِیدؔ اُس نے نئی زِیست کی بِنا ڈالی
مِری اُمید کے سارے دِیئے بُجھاتے ہی۔
رشِید حسرتؔ۔
محمداحمد — فروری 9، 2021 10:05 صبح
بہت خوب غزل ہے رشید صاحب! ماشاء اللہ!
میں اپنی آنکھوں کی کم مائگی پہ نادِم ہوں
چھلک پڑی ہیں یہ کم ظرف مُسکراتے ہی
مُجھے یہ دُکھ کہ مُحبّت میں کُچھ نہ کر پایا
تُو رو پڑا ہے مگر مُجھ کو آزماتے ہی
تُجھی سے رنگ تھے محفِل کے، تیرا جانا تھا
چراغ زرد پڑے محفلیں سجاتے ہی
رشِیدؔ اُس نے نئی زِیست کی بِنا ڈالی
مِری اُمید کے سارے دِیئے بُجھاتے ہی۔

ڈھیروں داد قبول فرمائیے۔
محمداحمد — فروری 9، 2021 10:07 صبح
پہلے شعر میں ٹائپو ہے ۔ گنگناتے کو درست کر لیجے۔
محمد خلیل الرحمٰن — فروری 9، 2021 10:13 صبح
بہت مبارک ہو رشید بھائی تصاویر سے یونیکوڈ میں ہجرت۔
خوبصورت غزل!
غِلاف چہروں پہ جِن کے تھے عاجزی کے کبھی
بدل گئے ہیں وہ رُخ اِقتدار پاتے ہی
دوسرے مصرع میں"ہیں" ٹائپو ہے۔
محمد احسن سمیع راحلؔ — فروری 9، 2021 11:08 صبح
رشید صاحب طویل عرصے بعد حاضری لگاتے ہیں، اور بھرپور گولا باری کر کے پھر غائب ہو جاتے ہیں :)
محمداحمد — فروری 9، 2021 11:12 صبح
رشید صاحب طویل عرصے بعد حاضری لگاتے ہیں، اور بھرپور گولا باری کر کے پھر غائب ہو جاتے ہیں :)

غالباً رشید صاحب کی دلچسپی صرف شاعری تک ہی محدود ہے ۔ :)
رشید حسرت — فروری 10، 2021 4:19 صبح
سلام۔ تمام احباب کا شکریہ۔ داد شاعر کے لیئے بڑا سرمایہ ہے۔آپ سب کی تھپکیاں میرے حوصلوں میں اضافہ دیں گی۔ نوازشیں، مہربانیاں
زوجہ اظہر — فروری 10، 2021 12:50 شام
واہ ! عمدہ

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%DA%86%DA%BE%D9%88%DA%91-%D8%AC%D8%A7%D8%AA%DB%92-%DB%81%DB%8C%DB%94.115063/