کب کوئی جان وار دیتا ہے ۔ ایک اور غزل

محمد شکیل خورشید — اکتوبر 2، 2020 1:39 شام
درد کب اختیار دیتا ہے
چند سانسیں ادھار دیتا ہے
دل تری یاد کے سرور میں گم
ساری فکریں اتار دیتا ہے
آج بھی لمس اس کی یادوں کا
میری شامیں نکھار دیتا ہے
آہ و گریہ فغاں یہی کچھ بس
کب کوئی جان وار دیتا ہے
چیر لیتا ہے بیج سینے کو
تب چمن کو بہار دیتا ہے
شہر اپنے سکوت کی لے میں
اک صدا بار بار دیتا ہے
کیوں کسی اور در سے میں مانگوں
مجھ کو پروردگار دیتا ہے
غازہِ خونِ عاشقاں، اے چمن
تیرا دامن سنوار دیتا ہے
حسرتیں دل سے نوچ ڈالو شکیل
زہر یہ جی کو مار دیتا ہے
استادِ محترم
الف عین اور دیگر اساتذہ و احباب کی نذر
محمد احسن سمیع راحلؔ — اکتوبر 5، 2020 8:22 صبح
اچھی غزل ہے شکیل بھائی۔ ماشاء اللہ
غازہِ خونِ عاشقاں، اے چمن
تیرا دامن سنوار دیتا ہے
غازہ تو چہرے پر لگایا جاتا ہے، نہیں؟؟؟ پھر غازے کے مقابل چمن کا دامن کیوں؟
دعاگو،
راحلؔ
ظہیراحمدظہیر — اکتوبر 7، 2020 7:08 صبح
خوب! شکیل بھائی ، مقطع کو آپ کی مزید توجہ درکار ہے ۔
حسرتیں دل سے نوچ ڈالو شکیل
زہر یہ جی کو مار دیتا ہے
پہلے مصرع میں حسرتیں جمع کا صیغہ ہے جبکہ دوسرے میں زہر بطور صیغہ واحد استعمال کیا گیا ہے ۔ ٹھیک نہیں لگ رہا ہے ۔
محمد شکیل خورشید — اکتوبر 7، 2020 11:34 صبح
خوب! شکیل بھائی ، مقطع کو آپ کی مزید توجہ درکار ہے ۔
حسرتیں دل سے نوچ ڈالو شکیل
زہر یہ جی کو مار دیتا ہے
پہلے مصرع میں حسرتیں جمع کا صیغہ ہے جبکہ دوسرے میں زہر بطور صیغہ واحد استعمال کیا گیا ہے ۔ ٹھیک نہیں لگ رہا ہے ۔
رہنمائی کا شکریہ،
نظرثانی کرتا ہوں،
محمد شکیل خورشید — اکتوبر 7، 2020 11:35 صبح
اچھی غزل ہے شکیل بھائی۔ ماشاء اللہ
غازہ تو چہرے پر لگایا جاتا ہے، نہیں؟؟؟ پھر غازے کے مقابل چمن کا دامن کیوں؟
دعاگو،
راحلؔ

رہنمائی کا شکریہ،
کسی اور طرح باندھتا ہوں
محمد شکیل خورشید — اکتوبر 7، 2020 8:14 شام
محترم ظہیراحمدظہیر اور
محترم محمد احسن راحل کی توجہ دلانے پر آخری دو اشعار یوں درست کرنے کی کوشش کی ہے
اب مزید رہنمائی فرمائیں
غازہِ خونِ عاشقاں، اے چمن
تیرے رخ کو نکھار دیتا ہے
دل سے حسرت یہ نوچ ڈالو شکیل
زہر یہ جی کو مار دیتا ہے
محمد عبدالرؤوف — اکتوبر 7، 2020 8:36 شام
بہت خوب، اچھی غزل ہے
محمد شکیل خورشید — اکتوبر 8، 2020 11:24 صبح
بہت خوب، اچھی غزل ہے
شکریہ، پزیرائی کا

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%DA%A9%D8%A8-%DA%A9%D9%88%D8%A6%DB%8C-%D8%AC%D8%A7%D9%86-%D9%88%D8%A7%D8%B1-%D8%AF%DB%8C%D8%AA%D8%A7-%DB%81%DB%92-%DB%94-%D8%A7%DB%8C%DA%A9-%D8%A7%D9%88%D8%B1-%D8%BA%D8%B2%D9%84.113409/