کچھ واہموں کی شوخیِ پرواز دیکھنا

محمد ریحان قریشی — مئی 17، 2019 2:17 صبح
کچھ واہموں کی شوخیِ پرواز دیکھنا
پھر ہو گی عام بات ہر اک راز دیکھنا
جانے فتورِ گوش ہے یا معجزِ نظر
صد موجۂ سکوت بر آواز دیکھنا
کرنا نگہ کا از سرِ نو شرحِ خوش دلی
ہر ذی نفس کو شاد و سرافراز دیکھنا
سو نکتے سوچ لائیں ہیں تجلیلِ عشق میں
ان عاشقوں کے عشق کا اعجاز دیکھنا
بھاتی ہے آرزو کے چراغوں کی کشتگی
زورِ طلسمِ دودِ نفس تاز دیکھنا
زنگار میں ہے تابِ الم دل میں پر نہیں
کیا یار سوئے آئنہ پرداز دیکھنا
محمد تابش صدیقی — مئی 17، 2019 4:32 صبح
عمدہ غزل
اور مشکل بھی :)
جانے فتورِ گوش ہے یا معجزِ نظر
صد موجۂ سکوت بر آواز دیکھنا
کیا کہنے
محمد عدنان اکبری نقیبی — مئی 17، 2019 5:30 صبح
ماشاءاللہ ،
اچھی لگی غزل اور یہ شعر تو لاجواب ہے
سو نکتے سوچ لائیں ہیں تجلیلِ عشق میں
ان عاشقوں کے عشق کا اعجاز دیکھنا
فلسفی — مئی 17، 2019 9:39 صبح
کچھ واہموں کی شوخیِ پرواز دیکھنا
پھر ہو گی عام بات ہر اک راز دیکھنا

سو نکتے سوچ لائیں ہیں تجلیلِ عشق میں
ان عاشقوں کے عشق کا اعجاز دیکھنا
بہت خوب
باقی اشعار کو لغت کی مدد سے سمجھ کر داد دینا پڑے گی :)
منذر رضا — مئی 17، 2019 6:06 شام
محمد ریحان قریشی بھائی غزل آپ کی بہت پسند آئی۔۔داد قبول کیجے۔
نفس تاز کا کیا مطلب ہوتا ہے؟
مریم افتخار — مئی 17، 2019 6:13 شام
اچھی غزل ہے(جتنی سمجھ آگئی) بقیہ اور بھی اچھی ہوگی! :)
محمد ریحان قریشی — مئی 17، 2019 6:27 شام
عمدہ غزل
اور مشکل بھی :)

کیا کہنے
بہت نوازش۔
ماشاءاللہ ،
اچھی لگی غزل اور یہ شعر تو لاجواب ہے
آپ کی ذرہ نوازی ہے۔
محمد ریحان قریشی بھائی غزل آپ کی بہت پسند آئی۔۔داد قبول کیجے۔
نفس تاز کا کیا مطلب ہوتا ہے؟
بہت شکریہ۔
نفس تاز : سانس دوڑانے والا۔
اچھی غزل ہے(جتنی سمجھ آگئی) بقیہ اور بھی اچھی ہوگی! :)
شکریہ۔
محض مشق ہے زیادہ محنت نہیں کی اس غزل پر۔
پیچیدہ بیانی کچھ حد تک بے معنویت پر پردہ ڈال دیتی ہے اس لیے یہ روش اختیار کیے ہوئے ہوں۔
محمد ریحان قریشی — مئی 18، 2019 12:17 صبح
بھاتی ہے آرزو کے چراغوں کی کشتگی
زورِ طلسمِ دودِ نفس تاز دیکھنا
اس شعر کی بابت بالخصوص احباب کی رائے کا خواستگار ہوں، کیا اس کے ذریعے کسی طرح کے بھی معنیٰ کی ترسیل ہو پا رہی ہے؟
سید عاطف علی — مئی 18، 2019 12:41 صبح
اس شعر کی بابت بالخصوص احباب کی رائے کا خواستگار ہوں، کیا اس کے ذریعے کسی طرح کے بھی معنیٰ کی ترسیل ہو پا رہی ہے؟
قاری اگر شعر کو گھسیٹ کر چھیل دے تب بھی معنی مشکل ہی سے تشکیل پارہے ہیں ایسے میں شعر کا کیاکمال ہو مؤے قاری پر شاعر واہ واہ کرے ۔۔۔ اس شعر میں جو بات ہے وہ پوری غزل میں ہی حاوی ہے جیسا کہ آپ نے خود اشارہ دیا۔
شاعرآرزوؤں کے چراغوں کے پھونک دیئے جانے پر آمادہ ہے اور اس بجھنے کے قابل دید ہونے پر گویا نازاں ہے ۔
پیچیدہ بیانی کچھ حد تک بے معنویت پر پردہ ڈال دیتی ہے اس لیے یہ روش اختیار کیے ہوئے ہوں۔
اسی لیے غزل میں سب کچھ ہے (بلکہ اچھا ہے) پر شاعری نہیں ۔
محمد ریحان قریشی — مئی 18، 2019 12:58 صبح
اسی لیے غزل میں سب کچھ ہے (بلکہ اچھا ہے) پر شاعری نہیں ۔
بہت حد تک متفق (قوسین والا حصہ چھوڑ کر)۔
فلسفی — مئی 18، 2019 1:48 صبح
قاری اگر شعر کو گھسیٹ کر چھیل دے تب بھی معنی مشکل ہی سے تشکیل پارہے ہیں ایسے میں شعر کا کیاکمال ہو مؤے قاری پر شاعر واہ واہ کرے ۔۔۔ اس شعر میں جو بات ہے وہ پوری غزل میں ہی حاوی ہے جیسا کہ آپ نے خود اشارہ دیا۔
شاعرآرزوؤں کے چراغوں کے پھونک دیئے جانے پر آمادہ ہے اور اس بجھنے کے قابل دید ہونے پر گویا نازاں ہے ۔
اسی لیے غزل میں سب کچھ ہے (بلکہ اچھا ہے) پر شاعری نہیں ۔

عاطف بھائی آپ نے تو ہماری واہ پر بھی آہ کا پانی پھیر دیا۔
ویسے دو اشعار کے حساب سے ریحان بھائی کی دو "واہیں" تو ہمارے لیے بنتی ہیں کہ موئے قاری کی حیثیت سے اپنے تئیں فقط دو اشعار ہی کچھ کچھ سمجھ پائے ہیں (ممکن ہے جو سمجھیں ہیں، اس کا تعلق شاعر کے تخیل سے بالکل بھی نہ ہو :))
اب تو دل کر رہا ہے کہ شاعر اگر مناسب سمجھے تو خود ہر شعر کی مختصر سلیس کر کے ہم جیسے مبتدیوں کے علم میں اضافہ ضرور فرمائے۔
منذر رضا — مئی 18، 2019 8:19 صبح
اس شعر کی بابت بالخصوص احباب کی رائے کا خواستگار ہوں، کیا اس کے ذریعے کسی طرح کے بھی معنیٰ کی ترسیل ہو پا رہی ہے؟

نہیں محمد ریحان قریشی بھائی، میری رائے میں نہیں۔
محمد ریحان قریشی — مئی 19، 2019 11:35 شام
بھاتی ہے آرزو کے چراغوں کی کشتگی
زورِ طلسمِ دودِ نفس تاز دیکھنا
بجھنا ہے آرزو کے چراغوں کا دیدنی
پیہم اٹھے ہے دودِ نفس تاز، دیکھنا
زنگار میں ہے تابِ الم دل میں پر نہیں
کیا یار سوئے آئنہ پرداز دیکھنا
زنگار سے ہے دل کو ملی تابِ حزن و غم
کیا اب کے سوئے آئنہ پرداز دیکھنا
محمد خلیل الرحمٰن — مئی 24، 2019 2:04 صبح
اب ملاحظہ فرمائیں اس خوبصورت غزل کی پیروڈی۔
اور اب پیشِ خدمت ہے محمد ریحان قریشی بھائی کی خوبصورت غزل کی پیروڈی
کچھ اینکروں کی شوخیِ پرواز دیکھنا
پھر ہو گا فاش آج ہر اک راز دیکھنا
اعجازِ فیسبک ہے یا ٹوئیٹر کی ہے خبر
سیٹھی کی شوخ چڑیا کا انداز دیکھنا
سو راز ڈھونڈ لائے دھبڑ دًھس کے واسطے
شاہد مسعود کو بھی سرافراز دیکھنا
شاہ زیب خانزادہ عجب ڈھنگ سے ملیں
ہو دیکھنا جو ان کی تگ و تاز دیکھنا
اک دن جیو سہیل وڑائچ کے ساتھ تھا
ان کا کھلا تضاد بہ انداز دیکھنا
نکتے یہ سوچ لاتے ہیں تخریب کے لیے
خبروں کا چینلوں کے یہ اعجاز دیکھنا
ہر کس بریک کرتا ہے خبروں کو آج کل
ہر جرنلسٹ آج سرافراز دیکھنا​

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%DA%A9%DA%86%DA%BE-%D9%88%D8%A7%DB%81%D9%85%D9%88%DA%BA-%DA%A9%DB%8C-%D8%B4%D9%88%D8%AE%DB%8C%D9%90-%D9%BE%D8%B1%D9%88%D8%A7%D8%B2-%D8%AF%DB%8C%DA%A9%DA%BE%D9%86%D8%A7.106872/