گزر ہی جائے گی جیسے بھی زندگانی عظیم

عظیم — فروری 17، 2023 7:05 صبح

غزل
گزر ہی جائے گی جیسے بھی زندگانی عظیم
ہم ایسے لوگوں کی ایسی ہی تھی کہانی عظیم
نہ بچپنے کا سمجھ آیا کس طرف کو گیا
نہ دیکھ پایا کہ کھوئی کہاں جوانی عظیم
کہاں سے ڈھونڈ کے لاؤں میں نت نئے مضمون
ہر ایک بات ہی لگتی ہے اب پرانی عظیم
بس ایک راہ کہ جس پر میں چلتا جاتا ہوں
اس ایک راہ میں گزرے گی زندگانی عظیم
دنوں کی خیر کہ ڈھلتے ہیں کام دھندے میں
مگر دعا کہ ہوں راتیں تو کچھ سہانی عظیم
یہ کم نہیں ہے کہ مجھ کو بھی چاہتا ہے کوئی
کسی کے واسطے میں بھی بنا ہوں جانی عظیم
نبھا سکا نہ میں اک دن بھی خوب جس کے ساتھ
وہ دیکھتا ہوں کہ کرتا ہے مہربانی عظیم

.
محمداحمد — فروری 20، 2023 1:05 شام
عظیم بھائی!
اچھی غزل ہے۔ داد قبول فرمائیے۔
عظیم — فروری 21، 2023 6:51 صبح
عظیم بھائی!
اچھی غزل ہے۔ داد قبول فرمائیے۔
بہت شکریہ محمد احمد بھائی
سید عاطف علی — فروری 21، 2023 7:30 صبح
واہ عظیم واہ ۔عظیم غزل کہی ہے ۔مطلع بھی عظیم ہے ۔
گُلِ یاسمیں — فروری 21، 2023 8:26 صبح
واہ بہت زبردست۔
داد قبول کیجیے۔ عظیم نے عظیم غزل کہی ہے۔
عظیم — فروری 21، 2023 6:11 شام
واہ عظیم واہ ۔عظیم غزل کہی ہے ۔مطلع بھی عظیم ہے ۔
واہ بہت زبردست۔
داد قبول کیجیے۔ عظیم نے عظیم غزل کہی ہے۔
بہت شکریہ آپ کا
محمد احسن سمیع راحلؔ — فروری 21، 2023 8:02 شام
بہت خوب عظیم... غزل کی زمین کا خوب حق ادا کیا ہے آپ نے. بہت داد.
عظیم — فروری 21، 2023 10:42 شام
بہت خوب عظیم... غزل کی زمین کا خوب حق ادا کیا ہے آپ نے. بہت داد.
بہت بہت شکریہ آپ کا بھی راحل بھائی!
ظہیراحمدظہیر — فروری 22، 2023 10:05 شام
واہ! بہت خوب ، عظیم بھائی! خوب غزل ہے ۔
نہ بچپنے کا سمجھ آیا کس طرف کو گیا
سمجھ آنا ٹھیک نہیں ہے ، عظیم۔ سمجھ آنا اور سمجھ میں آنا دونوں کے الگ الگ معانی ہیں ۔ اسے دیکھ لیجیے۔ :)
عظیم — فروری 23، 2023 8:50 صبح
واہ! بہت خوب ، عظیم بھائی! خوب غزل ہے ۔
نہ بچپنے کا سمجھ آیا کس طرف کو گیا
سمجھ آنا ٹھیک نہیں ہے ، عظیم۔ سمجھ آنا اور سمجھ میں آنا دونوں کے الگ الگ معانی ہیں ۔ اسے دیکھ لیجیے۔ :)
بہت شکریہ آپ کا ظہیر بھائی،
محمد احسن سمیع راحلؔ — فروری 23، 2023 8:58 صبح
سمجھ آنا ٹھیک نہیں ہے ، عظیم۔ سمجھ آنا اور سمجھ میں آنا دونوں کے الگ الگ معانی ہیں
کیا یہاں سمجھ آیا کہ بجائے سمجھ آئی کہا جا سکتا ہے؟
ظہیراحمدظہیر — فروری 23، 2023 8:06 شام
کیا یہاں سمجھ آیا کہ بجائے سمجھ آئی کہا جا سکتا ہے؟
"نہ بچپنے کی سمجھ آئی کس طرف کو گیا"
یوں کہنے سے بھی مصرع درست نہیں ہوگا ، راحل بھائی ۔ سمجھ آنا کے معنی ہیں عقل آنا ، سیانا ہونا، ہوش سنبھالنا وغیرہ۔
اس مصرع میں سمجھ میں آنا کا محل ہے۔ یعنی سمجھ میں نہیں آیا کہ بچپنا کس طرف کو گیا۔

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%DA%AF%D8%B2%D8%B1-%DB%81%DB%8C-%D8%AC%D8%A7%D8%A6%DB%92-%DA%AF%DB%8C-%D8%AC%DB%8C%D8%B3%DB%92-%D8%A8%DA%BE%DB%8C-%D8%B2%D9%86%D8%AF%DA%AF%D8%A7%D9%86%DB%8C-%D8%B9%D8%B8%DB%8C%D9%85.119294/