ہم ایسے مردہ دلوں کو ملال کچھ بھی نہیں

محمد ریحان قریشی — اگست 1، 2019 9:35 شام
جو عمر باقی ہے اس کا خیال کچھ بھی نہیں
گزر چکی ہے جو اس پر ملال کچھ بھی نہیں
ہمیں تو خلق سے اب قیل و قال کچھ بھی نہیں
کہاں کا شکوہ کہ جب عرضِ حال کچھ بھی نہیں
جواب ہی تو ہیں سب کچھ سوال کچھ بھی نہیں
بس اعتقاد میں جاں کا وبال کچھ بھی نہیں
حیات کا تو ہے موجب بھی ماحصل بھی حیات
کہ وجہ کوئی نہ تھی اور مآل کچھ بھی نہیں
تمام خلق ہے عیب و ہنر کی فلسفہ داں
سوائے میرے کہ مجھ میں کمال کچھ بھی نہیں
جو ذہن میں ہے بھلا کس طرح بیاں ہوگا؟
کہ ذہن میں تو برائے مثال کچھ بھی نہیں
یہی ہے آتشِ دل سوز سے پیامِ دل
گماں نہ کیجے کہ آبِ زغال کچھ بھی نہیں
بساطِ دہر پہ ہر جا ہے شاہ مات لکھا
سیہ سپید ہے سب لایزال کچھ بھی نہیں
مری زبوبیِ ہمت بھی دہر کا ہے کرم
کہ آدمی تو بجز انفعال کچھ بھی نہیں
سبھی عیوب کا اپنے ہے اعتراف مگر
ہم ایسے مردہ دلوں کو ملال کچھ بھی نہیں
یہی ہے مقصدِ ہرزہ سرائیِ ریحان
نہ ہو زوال تو بے شک کمال کچھ بھی نہیں
محمد تابش صدیقی — اگست 3، 2019 10:12 صبح
لاجواب عمدہ کلام
جو عمر باقی ہے اس کا خیال کچھ بھی نہیں
گزر چکی ہے جو اس پر ملال کچھ بھی نہیں

تمام خلق ہے عیب و ہنر کی فلسفہ داں
سوائے میرے کہ مجھ میں کمال کچھ بھی نہیں

جو ذہن میں ہے بھلا کس طرح بیاں ہوگا؟
کہ ذہن میں تو برائے مثال کچھ بھی نہیں

سبھی عیوب کا اپنے ہے اعتراف مگر
ہم ایسے مردہ دلوں کو ملال کچھ بھی نہیں

یہی ہے مقصدِ ہرزہ سرائیِ ریحان
نہ ہو زوال تو بے شک کمال کچھ بھی نہیں
پہلے مصرع میں اگر ہرزہ سرائی کا کوئی مثبت متبادل ہوتا تو پورا شعر لاجواب ہوتا۔
مگر دوسرا مصرع بے مثال ہے۔ :)
محمد ریحان قریشی — اگست 3، 2019 10:28 صبح
حوصلہ افزائی پر بے حد ممنون ہوں تابش بھائی۔
عاطف ملک — اگست 5، 2019 5:42 صبح
محمد تابش صدیقی بھائی نے میرا کام آسان کر دیا:p
ان اشعار کے علاوہ یہ شعر بھی بہت پسند آیا۔
حیات کا تو ہے موجب بھی ماحصل بھی حیات
کہ وجہ کوئی نہ تھی اور مآل کچھ بھی نہیں
ہرزہ سرائی کے متعلق ان کی بات سے بھی متفق ہوں۔
ہمیشہ کی طرح بہت عمدہ کلام ہے ریحان بھائی
جتنا سمجھ میں آسکا(n)
عبید انصاری — اگست 5، 2019 6:07 صبح
مری زبوبیِ ہمت بھی دہر کا ہے کرم
کہ آدمی تو بجز انفعال کچھ بھی نہی
ریحان بھائی "زبوبی" کا کیا مطلب ہے؟
کہیں یہ "زبونیِ ہمت" تو نہیں؟
عبید انصاری — اگست 5، 2019 6:09 صبح
نہ ہو زوال تو بے شک کمال کچھ بھی نہیں
سچ فرمایا۔
وبضدها تتبين الاشياء
محمد ریحان قریشی — اگست 5، 2019 6:42 صبح
ریحان بھائی "زبوبی" کا کیا مطلب ہے؟
کہیں یہ "زبونیِ ہمت" تو نہیں؟
نشاندہی کا شکریہ۔
محمد ریحان قریشی — اگست 5، 2019 7:47 صبح
۔
فرقان احمد — اگست 5، 2019 7:58 صبح
آپ پہلے بھی خوب لکھتے تھے تاہم رواں برس تو باقاعدہ طور پر 'غضب' ڈھانے لگ گئے ہیں۔ :)
ظہیراحمدظہیر — اگست 24، 2019 5:32 صبح
بہت خوب ریحان بھائی! اچھے اشعار ہیں !!
بساطِ دہر پہ ہر جا ہے شاہ مات لکھا
سیہ سپید ہے سب لایزال کچھ بھی نہیں
کیا ہی اچھا کہا ہے ! بہت خوب!
فرحان محمد خان — اگست 26، 2019 10:52 صبح
لاجواب غزل بھائی واہ
احمد محمد — اگست 26، 2019 1:25 شام
واہ۔۔۔ نہایت عمدہ۔ :applause:

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%DB%81%D9%85-%D8%A7%DB%8C%D8%B3%DB%92-%D9%85%D8%B1%D8%AF%DB%81-%D8%AF%D9%84%D9%88%DA%BA-%DA%A9%D9%88-%D9%85%D9%84%D8%A7%D9%84-%DA%A9%DA%86%DA%BE-%D8%A8%DA%BE%DB%8C-%D9%86%DB%81%DB%8C%DA%BA.107894/