یہ شورِ نغمۂ زنجیر التجا ہے مری

ظہیراحمدظہیر — اپریل 27، 2024 3:54 شام
احبابِ کرام ! ایک نسبتاً تازہ غزل آپ کے ذوق کی نذر ہے ۔ امید ہے کہ شرفِ نقد و نظر پائے گی۔ گر قبول افتد۔۔۔۔۔!
٭٭٭
نوائے شوق نہیں عرضِ نارسا ہے مری
یہ شورِ نغمۂ زنجیر التجا ہے مری
کس آستانِ تمنا پہ سر جھکا بیٹھا
غریقِ آبِ ندامت خوئے وفا ہے مری
برہنہ کر گئی مجھ کو ہوائے نام و نمود
رہینِ طرّۂِ دستار اب قبا ہے مری
میں لڑ رہا ہوں زمیں سے مقدمہ گھر کا
میں دربدر ہوں کہ پیشی جگہ جگہ ہے مری
کیا تھا میں نے ہواؤں سے اتفاق کا جرم
بجھے چراغ کی نوحہ گری سزا ہے مری
بھٹک رہی ہے کسی ہم نوا کی خواہش میں
ہجومِ صوت میں تنہا کہیں صدا ہے مری
یہ اک جزیرہ سمندر کی شورشوں سے الگ!
جسے رہائی سمجھتے ہو تم ، سزا ہے مری
وہ ایک نام جو شامل ہے دل کی دھڑکن میں
وہی سکوت ہے میرا ، وہی صدا ہے مری
خیالِ یار پہ جب تک ہے دسترس دل کی
بہار میری ہے ، گلشن مرا ، صبا ہے مری
محبتوں میں کئی لوگ اجڑ بھی جاتے ہیں
خدا کرے تو سلامت رہے ، دعا ہے مری
تمہی بدل گئے سود و زیاں کے پیمانے
وہی ظہیؔر ہوں میں تو وہی وفا ہے مری
٭٭٭​
محمد ریحان قریشی — اپریل 27، 2024 4:04 شام
حسبِ دستور، عمدہ غزل ہے جناب.
میں لڑ رہا ہوں زمیں سے مقدمہ گھر کا
میں دربدر ہوں کہ پیشی جگہ جگہ ہے مری
واہ کیا کہنے!
صابرہ امین — اپریل 27، 2024 4:21 شام
خوبصورت خیالات!!!بہت عمدہ اشعار! ڈھیروں داد قبول کیجیے۔
کیا تھا میں نے ہواؤں سے اتفاق کا جرم
بجھے چراغ کی نوحہ گری سزا ہے مری
یہ اک جزیرہ سمندر کی شورشوں سے الگ!
جسے رہائی سمجھتے ہو تم ، سزا ہے مری
کیا بات ہے!!
الف نظامی — اپریل 27، 2024 5:20 شام
وہ ایک نام جو شامل ہے دل کی دھڑکن میں
وہی سکوت ہے میرا ، وہی صدا ہے مری

ماشاء اللہ ، بہت خوب!
صریر — اپریل 27، 2024 7:34 شام
برہنہ کر گئی مجھ کو ہوائے نام و نمود
رہینِ طرّۂِ دستار اب قبا ہے مری
بہت اعلی سر!
کیا تھا میں نے ہواؤں سے اتفاق کا جرم
بجھے چراغ کی نوحہ گری سزا ہے مری
استادانہ!
خیالِ یار پہ جب تک ہے دسترس دل کی
بہار میری ہے ، گلشن مرا ، صبا ہے مری
خیال اور الفاظ، بہت خوب ہیں سر!
الف عین — اپریل 27، 2024 8:36 شام
اس کو تو سَمت میں شائع کرنے کے لئے مجبور ہوں! بہت دن سے کوئی تخلیق شامل نہیں ہوئی ظہیراحمدظہیر کی
محمد عدنان اکبری نقیبی — اپریل 28، 2024 5:19 صبح
شاندار اور زبردست
بہترین اشعار عمدہ غزل
سید عاطف علی — اپریل 28، 2024 6:10 صبح
بہت عمدہ ظہیر بھائی ۔ واہ مزاہ آیا ۔ آپ کا مخصوص انداز جھلکتا ہے ۔دھیما پن اور لطافت ۔
محمد عبدالرؤوف — اپریل 28، 2024 7:28 صبح
واہ واہ ، ظہیر بھائی۔
ہر شعر ایک نگینہ ہے، ماشاء اللّٰه
محمداحمد — اپریل 29، 2024 6:39 صبح
سبحان اللہ! بہترین غزل ہے ظہیر بھائی!
سب اشعار ایک سے بڑھ کر ایک ہیں۔
میں لڑ رہا ہوں زمیں سے مقدمہ گھر کا
میں دربدر ہوں کہ پیشی جگہ جگہ ہے مری

بھٹک رہی ہے کسی ہم نوا کی خواہش میں
ہجومِ صوت میں تنہا کہیں صدا ہے مری

بہت خوب!
بہت سی داد قبول فرمائیے ظہیر بھائی!
ظہیراحمدظہیر — اپریل 30، 2024 4:28 صبح
حسبِ دستور، عمدہ غزل ہے جناب.
واہ کیا کہنے!
بہت بہت شکریہ ، ریحان! اللہ کریم خوش رکھے ، ذوق سلامت رہے! بہت ممنون ہوں ۔
ظہیراحمدظہیر — اپریل 30، 2024 4:40 صبح
خوبصورت خیالات!!!بہت عمدہ اشعار! ڈھیروں داد قبول کیجیے۔
کیا بات ہے!!
بہت شکریہ ، بہت نوازش! اللہ کریم ہمیشہ شاد و آباد رکھے!
عرصہ ہوا کہ آپ نے کچھ نہیں لکھا۔ مصروفیات اجازت دیں تو کچھ عطا کیجیے۔
ظہیراحمدظہیر — اپریل 30، 2024 4:41 صبح
وہ ایک نام جو شامل ہے دل کی دھڑکن میں
وہی سکوت ہے میرا ، وہی صدا ہے مری

ماشاء اللہ ، بہت خوب!
بہت نوازش، بہت شکریہ، نظامی صاحب! توجہ کے لیے ممنون ہوں ۔
ظہیراحمدظہیر — اپریل 30، 2024 4:41 صبح
بہت اعلی سر!
استادانہ!
خیال اور الفاظ، بہت خوب ہیں سر!
بہت شکریہ ، ذرہ نوازی ہے آپ کی! اللہ کریم آپ کو خوش رکھے!
ظہیراحمدظہیر — اپریل 30، 2024 4:46 صبح
اس کو تو سَمت میں شائع کرنے کے لئے مجبور ہوں! بہت دن سے کوئی تخلیق شامل نہیں ہوئی ظہیراحمدظہیر کی
نوازش ، آداب ، تسلیمات! اس قدر افزائی کے لیے بہت شکر گزار ہوں ، اعجاز بھائی!
اپنی نالائقی اور کاہلی پر شرمندہ ہوں۔اگرچہ آپ کئی دفعہ حکم دے چکے ہیں کہ سمت کے لیے کچھ بھیجا کروں لیکن کچھ میر ی کاہلی اور کچھ یہ کہ مصروفیات میں یاد بھی نہیں رہتا۔ آپ کی سرپرستی اور محبت کے لیے سپاس گزار ہوں۔ اللہ کریم آپ کا سایا سلامت رکھے!
ظہیراحمدظہیر — اپریل 30، 2024 4:47 صبح
شاندار اور زبردست
بہترین اشعار عمدہ غزل
بہت شکریہ ، معان بھائی! اللہ کریم اپنی امان میں رکھیں اور آپ شاد و آباد رہیں !
ظہیراحمدظہیر — اپریل 30، 2024 4:48 صبح
بہت عمدہ ظہیر بھائی ۔ واہ مزاہ آیا ۔ آپ کا مخصوص انداز جھلکتا ہے ۔دھیما پن اور لطافت ۔
نوازش، کرم نوازی ہے ، عاطف بھائی! بہت بہت شکریہ! اللہ کریم آپ کو خوش رکھے۔ دل بڑھادیا ۔
ظہیراحمدظہیر — اپریل 30، 2024 4:49 صبح
واہ واہ ، ظہیر بھائی۔
ہر شعر ایک نگینہ ہے، ماشاء اللّٰه
بہت شکریہ ، بہت نوازش، عبدالرؤف! اللہ کریم اپنی امان میں رکھے ، سلامت رکھے! ممنون ہوں ۔
ظہیراحمدظہیر — اپریل 30، 2024 4:50 صبح
سبحان اللہ! بہترین غزل ہے ظہیر بھائی!
سب اشعار ایک سے بڑھ کر ایک ہیں۔
بہت خوب!
بہت سی داد قبول فرمائیے ظہیر بھائی!
بہت بہت شکریہ، احمد بھائی! بہت نوازش!
توجہ کے لیے ممنونِ کرم ہوں ۔ اللہ کریم آپ کو شاد و آباد رکھے!
علی وقار — اپریل 30، 2024 5:15 صبح
اتنا اچھا کیسے لکھ لیتے ہیں؟
صفحات: 1 2 3

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%DB%8C%DB%81-%D8%B4%D9%88%D8%B1%D9%90-%D9%86%D8%BA%D9%85%DB%82-%D8%B2%D9%86%D8%AC%DB%8C%D8%B1-%D8%A7%D9%84%D8%AA%D8%AC%D8%A7-%DB%81%DB%92-%D9%85%D8%B1%DB%8C.120614/