یہ مرے حرف یہ مری آواز

محمد شکیل خورشید — اپریل 24، 2025 6:36 صبح
ایک تازہ کلام
استادِ محترم الف عین
اور دیگر اساتذہ و احباب کی خدمت میں پیش کرنے کی جسارت کر رہا ہوں
یہ مرے حرف یہ مری آواز
جرسِ کاروانِ زیست کا ساز
میں بھی موجود و منتظر ہوں یہیں
دیکھ ادھر کو بھی اے بتِ طناز
یہ تری چپ ہے بے نیازی کیا
یا پھر اظہار کا نیا انداز
کم نہیں ہیں ریاضتیں میری
اک نظر اس طرف بھی بندہ نواز
کب کھلے ہیں تمہاری زلف کے پیچ
کس نے جانا ہے ان اداؤں کا راز
مستقل اس کے ساتھ رہتا ہوں
یہ جو تنہائی ہے مری ہمراز
کس نے باندھے ہوئے ہیں پر تیرے
کیوں ہے محدود یہ تری پرواز
یہ جو تشنیع و طعن ملتے ہیں
مجھ کو لگتے ہیں باعثِ اعزاز
رک گئے ہو شکیل کیوں تھک کر
آؤ کرتے ہیں اک نیا آغاز
الف عین — اپریل 28، 2025 7:12 شام
خوب غزل ہے شکیل۔ لیکن مجھے شک ہے کہ جرس کا ساز کہنا ممکن ہے یا نہیں! ویسے تو ایک مجموعے کا نام ہی یہ ہے ساز جرس
محمد شکیل خورشید — اپریل 29، 2025 10:12 صبح
خوب غزل ہے شکیل۔ لیکن مجھے شک ہے کہ جرس کا ساز کہنا ممکن ہے یا نہیں! ویسے تو ایک مجموعے کا نام ہی یہ ہے ساز جرس
حوصلہ افزائی کا شکریہ استادِ محترم
جرس کو بہ معنیٰ گھنٹی سمجھ کر اس کے لئے ساز کا لفظ استعمال کیا تھا۔ مزید رہنمائی فرما دیں
الف عین — اپریل 29، 2025 8:13 شام
حوصلہ افزائی کا شکریہ استادِ محترم
جرس کو بہ معنیٰ گھنٹی سمجھ کر اس کے لئے ساز کا لفظ استعمال کیا تھا۔ مزید رہنمائی فرما دیں
اسی لیے تو مجھے شک ہوا تھا کہ کیا بگل یا گھنٹی کو ساز کہا جا سکتا ہے؟
ظہیراحمدظہیر — مئی 4، 2025 6:47 شام
بہت خوب، شکیل بھائی! جرس کو ساز کہنا ٹھیک نہیں ہے کہ یہ ساز کی تعریف پر نہیں اترتی۔ اور میرے علم کے مطابق نہ ہی کسی نے یہ لفظ اس طرح برتا ہے۔
دوسرے شعر میں یہیں کے بجائے یہاں کا محل ہے۔

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%DB%8C%DB%81-%D9%85%D8%B1%DB%92-%D8%AD%D8%B1%D9%81-%DB%8C%DB%81-%D9%85%D8%B1%DB%8C-%D8%A2%D9%88%D8%A7%D8%B2.121381/