اصلاح کی گزارش۔نظم( عنوان: سکوت)

منذر رضا — مارچ 18، 2019 7:37 صبح
السلام علیکم، اساتذہ سے اصلاح کی گزارش الف عین ، فلسفی ، یاسر شاہ ، محمد خلیل الرحمٰن
یہ سکوت کیسا ہے
آدمی کی چیخوں میں
عاشقوں کے نالوں میں
رہبروں کے دعووں میں
مطربوں کے سازوں میں
شور کے حجابوں میں
یہ سکوت کیسا ہے
نیم شب کی آہوں میں
شامِ غم کے نوحوں میں
سازِ دل کے نغموں میں
شاعروں کے شعروں میں
یہ سکوت کیسا ہے
کہنے کو ہے پیہم شور
کائنات میں لیکن
شور کے حجابوں میں
اک سکوت پنہاں ہے
یہ سکوت کیسا ہے
یہ سکوت فرقت کا
یہ سکوت حسرت کا
ہجر کا کہ ہجرت کا
یا کہ غم کی کثرت کا
یہ سکوت کیسا ہے
اس سکوت میں پنہاں
ایک دیدۂ گریاں
اک سرابِ لب بھی ہے
ایک چاک دامن بھی
عنقریب دیکھو گے
تم کہ چشمِ گریاں سے
اشک بہہ کے نکلیں گے
اور فصلِ خاموشی
کو بہا لے جائیں گے
اورچاکِ دامن سے
نور ایسا پھوٹے گا
جو سکوت کی شب میں
نورِ نغمہ بھر دے گا
تب نہ پوچھنا مجھ سے
یہ سکوت کیسا ہے
شکریہ!
شکیب — مارچ 18، 2019 8:47 صبح
کو بہا لے جائیں گے
۔۔۔۔لے کا ے گرنا اچھا نہیں لگ رہا
اس سرابِ لب سے
چشمے نغمۂ شیریں کے
۔۔۔۔اس کا وزن نہیں سمجھ سکا
باقی درست۔ اور واقعی ایک اچھی نظم ہے۔
منذر رضا — مارچ 18، 2019 9:27 صبح
شکیب
یہ واقعی وزن میں نہیں تھا۔۔۔۔البتہ اب تدوین کر دی ہے۔۔۔۔
شکیب — مارچ 18، 2019 10:28 صبح
چشمۂ نغمۂ
گڑبڑ کر رہا ہے۔
منذر رضا — مارچ 18، 2019 10:31 صبح
شکیب وہ مصرعے ٹھیک نہیں ہو رہے تھے، لہذا نکال دیے۔۔۔۔نشاندہی فرمانے پر شکر گزار ہوں
الف عین — مارچ 18، 2019 3:31 شام
اصل مراسلہ میں تدوین نہ کی جائے تو بہتر ہے تاکہ سب کو علم ہو سکے کہ کہاں اغلاط تھیں اور کس طرح درست کی گئیں۔ یہ تاریخ بھی سیکھنے والوں کے لیے اہمیت کی حامل ہے
فی الحال تو یہ دو مصرعے شکیب بھی جن کی نشاندہی کر چکے ہیں
اور فصلِ خاموشی
کو بہا لے جائیں گے
یہ دونوں اس لیے شامل کر رہا ہوں کہ باقی ہر مصرعے میں بات مکمل ہو جاتی ہے لیکن اس پہلے مصرعے میں نہیں، اور اسی وجہ سے دوسرا مصرع بھی نا مکمل، 'کو' سے شروع ہونا مضحکہ خیز لگتا ہے۔ لِجائیں بجائے لے جائیں کے علاوہ!

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%A7%D8%B5%D9%84%D8%A7%D8%AD-%DA%A9%DB%8C-%DA%AF%D8%B2%D8%A7%D8%B1%D8%B4%DB%94%D9%86%D8%B8%D9%85-%D8%B9%D9%86%D9%88%D8%A7%D9%86-%D8%B3%DA%A9%D9%88%D8%AA.106013/