برائے اصلاح

فلسفی — فروری 2، 2019 6:19 شام
سر الف عین اور دیگر احباب سے اصلاح کی گزارش۔
گناہ کا عذاب الگ ہے توبہ کا ثواب الگ
لکھا ہوا ہے نامہِ عمل میں ہر حساب الگ
بس ایک بات بار بار پوچھنے کا فائدہ؟
سوال کو بدل ذرا جو چاہیے جواب الگ
حیاتِ مستعار میں ہیں بے پناہ مشکلیں
فضول دل پہ لے لیا ہے عشق کا عذاب الگ
کتابِ زیست میں بہت سے واقعات درج ہیں
تمہاری ایک شام پر لکھا ہوا ہے باب الگ
یہ آنکھ بند ہو اگر تو تیرگی ہے ایک سی
مگر غریب اور امیر کے لیے ہیں خواب الگ
ہر ایک یارِ مصطفیؓ کی شان ہے جدا جدا
مقامِ بو بکرؓ الگ مقامِ بن خطابؓ الگ
چمن طرازِ کائنات! تیرے فن کا ہے کمال
مہک الگ ہے موتیے کی خوشبوئے گلاب الگ
نگاہِ نازنین میں حجابِ شرم ہے اگر
تو فلسفیؔ! ہے رخ پہ کیوں وہ ریشمی نقاب الگ؟​
محمد عدنان اکبری نقیبی — فروری 2، 2019 7:49 شام
نگاہِ نازنین میں حجابِ شرم ہے اگر
تو فلسفیؔ! ہے رخ پہ کیوں وہ ریشمی نقاب الگ؟
یہ بات سوچنے والی ہے ،
اچھی غزل پیش کی ،لاجواب
ارشد چوہدری — فروری 2، 2019 10:06 شام
بہت خوب واقعی فلسفی بھائی۔۔ آپ کے لکھنے کا ہے انداز الگ۔
الف عین — فروری 3، 2019 3:44 صبح
اچھی غزل ہے
بس بو بکر رض کے نام کا تلفظ غلط باندھا گیا ہے، کاف پر سکون ہے
فلسفی — فروری 3، 2019 4:07 صبح
بس بو بکر رض کے نام کا تلفظ غلط باندھا گیا ہے، کاف پر سکون ہے
جی سر اس میں تذبذب میں پڑ گیا تھا، متبادل سوچتا ہوں۔
فلسفی — فروری 3، 2019 5:20 صبح
سر الف عین کیا یہ مصرعہ ٹھیک رہے گا
مقامِ یارِ غارؓ الگ مقامِ بن خطابؓ الگ
یا
عتیقؓ کا مقام الگ مقامِ بن خطابؓ الگ
عتیق بھی حضرت ابو بکر صدیقؓ کا لقب تھا۔
الف عین — فروری 3، 2019 6:06 صبح
مقام یارِ غار اچھا لگ رہا ہے ۔ عتیق کے لقب سے بہت کم لوگ واقف ہوں گے
فلسفی — فروری 3، 2019 6:10 صبح
مقام یارِ غار اچھا لگ رہا ہے ۔ عتیق کے لقب سے بہت کم لوگ واقف ہوں گے
ٹھیک ہے سر۔ بہت شکریہ۔
شکیب — فروری 18، 2019 2:57 شام
کیا خطاب میں ط مشدد نہیں ہے؟
فلسفی بھائی داد قبول کیجئے، اس شعر کے لیے خصوصاً
حیاتِ مستعار میں ہیں بے پناہ مشکلیں
فضول دل پہ لے لیا ہے عشق کا عذاب الگ
فلسفی — فروری 18، 2019 3:09 شام
کیا خطاب میں ط مشدد نہیں ہے؟
نہ جانے اس طرف دھیان کیوں نہیں گیا۔
اس کا متبادل بھی بہت مشکل ہو گا۔ اس شعر کو علیحدہ کر لیتا ہوں۔ نشاندہی کا بہت بہت شکریہ
فلسفی — فروری 18، 2019 6:16 شام
ویسے مصرع یوں بھی ہو سکتا ہے
سر الف عین
شکیب
مقامِ یارِ غارؓ الگ مقامِ بوترابؓ الگ
محمد فہد — فروری 18، 2019 6:27 شام
ہر ایک یارِ مصطفیؓ کی شان ہے جدا جدا
مقامِ بو بکرؓ الگ مقامِ بن خطابؓ الگ

ماشا اللہ بہت عمدہ لاجواب کلام لکھ دیا
سدا خوش و شادو آباد رہیں آمین
اللہ سوہنا آپ کو سدا اپنی امان میں رکھے آمین۔۔
الف عین — فروری 19، 2019 5:33 صبح
بو تراب ہی بہتر ہے ۔ نہ جانے میں نے خطاب کیسے قبول کر لیا!

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%A8%D8%B1%D8%A7%D8%A6%DB%92-%D8%A7%D8%B5%D9%84%D8%A7%D8%AD.105319/