برائے اصلاح

آئی کے عمران — جون 18، 2023 12:09 شام
مل کر چلنے میں ہے برکت
بارش اترے قطرہ قطرہ
قطرے بنیں پھر مل کر دریا
جیسے ملی قطروں کو طاقت
مل کر چلنے میں ہے برکت
موج کنارے پر جو آئے
ختم اس کی ہستی ہو جائے
دوری میں ہوتی ہے ہلاکت
مل کر چلنے میں ہے برکت
شاخ شجر سے جو کٹ جائے
پھول نہ پھل پھر اس پر آئے
یہ ہے صداقت، یہ ہے حقیقت
مل کر چلنے میں ہے برکت
یک جہتی میں ہوتی بقا ہے
ایسا بڑوں سے ہم نے سنا ہے
اس سے طاقت، اس میں عزت
مل کر چلنے میں ہے برکت
بند مٹھی کی صورت رہنا
ایک ہی دھارے میں سب بہنا
باندھ لو پلے تم یہ نصیحت
مل کر چلنے میں ہے برکت
آئی کے عمران — جون 18، 2023 12:09 شام
الف عین
آئی کے عمران — جون 18، 2023 12:12 شام
سرور عالم راز
الف عین — جون 19، 2023 12:21 صبح
بچوں کے لیے نظموں میں اعلاط بھی چل سکتی ہیں بس بہت بڑی غلطیاں نہ ہوں
معمولی اغلاط یہ ہیں
بند مٹھی کی دال وزن میں نہیں آ رہی
پلے میں باندھا جاتا ہے، صرف پلے باندھنا محاورہ نہیں۔
آئی کے عمران — جون 19، 2023 6:58 صبح
بہت بہت شکریہ سر
جزاک اللہ
میر ے پاس جو لغات ہیں ان میں۔۔۔پلے باندھنا، پلے سے پاندھنا اور پلے میں باندھنا تینوں طرح ہے۔
یوں بھی ہو سکتا ہے۔
پلے سے باندھو تم یہ نصیحت
اگر دوسرا مصرع یوں کر لوں تو کیا صحیح ہو گا؟
اک مٹھی کی صورت رہنا
ایک ہی دھارے میں سب بہنا
اشرف علی — جولائی 15، 2023 10:44 صبح
باندھ لو پلے تم یہ نصیحت
الف عین سر !
کیا "تم" کی جگہ "سے / میں " لاناٹھیک رہے گا ؟
الف عین — جولائی 15، 2023 3:32 شام
عمران کا مراسلہ میں اب دیکھ رہا ہوں!
باندھ لو پلے میں/سے یہ نصیحت
بہتر ہو گا جیسے اشرف علی کا مشورہ ہے
اک مٹھی.... بھی درست ہے

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%A8%D8%B1%D8%A7%D8%A6%DB%92-%D8%A7%D8%B5%D9%84%D8%A7%D8%AD.119625/