برائے صلاح: پیڑ جس پر ثمر نہیں ہوتا

یاسر علی — اکتوبر 15، 2020 5:29 صبح
الف عین
محمد خلیل الرحمٰن
پیڑ جس پر ثمر نہیں ہوتا
اس کو پھر کوئی ڈر نہیں ہوتا
زلزلے آئیں فکر کیا ان کو
جن کا کوئی بھی گھر نہیں ہوتا
اصل میں اہلِ دل نہیں ہے وہ
جو بھی اہلِ نظر نہیں ہوتا
دل مرے سینے ہی میں رہتا ہے
ہائے اپنا مگر نہیں ہوتا
ماریں پتھر تو پھر میں ہنستا ہوں
پوچھتے ہیں اثر نہیں ہوتا
چھوڑ دے تُو گلی میں آنا اب
پیار ہم سے اگر نہیں ہوتا
ہم کو فکرِ معاش میں میثم
چین شام و سحر نہیں ہوتا
الف عین — اکتوبر 15، 2020 6:35 صبح
باقی تو درست ہے
دل مرے سینے ہی میں رہتا ہے
ہائے اپنا مگر نہیں ہوتا
.. سینے کی ے کا اسقاط گوارا نہیں
ماریں پتھر تو پھر میں ہنستا ہوں
پوچھتے ہیں اثر نہیں ہوتا
... روانی اچھی نہیں پہلے مصرع کی
لاکھ ماریں وہ سنگ، ہنستا ہوں
...
ہم کو فکرِ معاش میں میثم
چین شام و سحر نہیں ہوتا
.. چین آنا محاورہ ہے، ہونا نہیں
یاسر علی — اکتوبر 16، 2020 5:29 صبح
اب دیکھئے جناب!
الف عین
دل مرے پہلو ہی میں رہتا ہے
یا
میرے سینے میں قلب رہتا ہے
ہائے! اپنا مگر نہیں ہوتا
حوصلے کے سوا محبت کا
کبھی میثم سفر نہیں ہوتا
الف عین — اکتوبر 16، 2020 2:33 شام
اب دیکھئے جناب!
الف عین
دل مرے پہلو ہی میں رہتا ہے
یا
میرے سینے میں قلب رہتا ہے
ہائے! اپنا مگر نہیں ہوتا
حوصلے کے سوا محبت کا
کبھی میثم سفر نہیں ہوتا
نہیں میاں، مزا نہیں آیا
یاسر علی — اکتوبر 17، 2020 5:50 صبح
اب دیکھئے جناب!
الف عین
میرے سینے میں بس رہا ہے دل
ہائے اپنا مگر نہیں ہوتا
دل میں شازش کرے تُو جو میثم
دل مرا بے خبر نہیں ہوتا
الف عین — اکتوبر 17، 2020 6:25 صبح
مقطع تو سمجھ میں نہیں آیا
دل والے شعر کو بھی یوں کہیں تو؟
بس دھڑکتا ہے اپنی جا پر دل

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%A8%D8%B1%D8%A7%D8%A6%DB%92-%D8%B5%D9%84%D8%A7%D8%AD-%D9%BE%DB%8C%DA%91-%D8%AC%D8%B3-%D9%BE%D8%B1-%D8%AB%D9%85%D8%B1-%D9%86%DB%81%DB%8C%DA%BA-%DB%81%D9%88%D8%AA%D8%A7.113548/