سچ کہا نہیں جاتا

محمد شکیل خورشید — ستمبر 28، 2018 10:17 صبح
سچ کہوں ، سچ کہا نہیں جاتا
بن کہے بھی رہا نہیں جاتا
چوٹ ہو گی کوئی بڑی گہری
خون یونہی بہا نہیں جاتا
اے ستم گر ذرا توقف کر
درد پیہم سہا نہیں جاتا
اس کو شائد کچھ انس ہے مجھ سے
وہم یہ بار ہا نہیں جاتا
مجھ پہ بیتا ہے عشق میں جو شکیل
سانحہ وہ کہا نہیں جاتا
محمد شکیل خورشید — اکتوبر 1، 2018 6:17 صبح
محترم اساتذہ سے رہنمائی کی درخواست ہے
خصوصاََ الف عین صاحب سے
الف عین — اکتوبر 1، 2018 10:52 صبح
درست ہے غزل ماشاء اللہ سوائے اس شعر کے
خون یونہی بہا نہیں جاتا
بہا جانا غلط ہے بہایا جانا درست
محمد شکیل خورشید — اکتوبر 1، 2018 11:26 صبح
درست ہے غزل ماشاء اللہ سوائے اس شعر کے
خون یونہی بہا نہیں جاتا
بہا جانا غلط ہے بہایا جانا درست
استادِ محترم
توجہ فرمانے کا شکریہ،
صرف اپنے علم میں بہتری کے لئے پوچھ رہا ہوں
جیسے ہم زخم وغیرہ دیکھ کر کہہ دیتے ہیں "بہت خون بہے جا رہا ہے" یعنی خون بہنے سے روکنے کی طرف توجہ دلانے کے انداز میں، تو کیا یہ غلط استعمال ہے
الف عین — اکتوبر 2، 2018 6:10 صبح
مجھے تو بہا جانا اور بہے جاتے رہنا میں فرق محسوس ہوتا ہے شاید مطلب یہ ہے کہ continuous tense میں درست ہے لیکن indefinite میں درست نہیں
احباب اس ضمن میں کیا کہتے ہیں؟

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%B3%DA%86-%DA%A9%DB%81%D8%A7-%D9%86%DB%81%DB%8C%DA%BA-%D8%AC%D8%A7%D8%AA%D8%A7.103414/