غزل برائے اصلاح

محمد فائق — جولائی 30، 2019 9:08 شام
کیا خبر تجھ سے وابستگی کا سفر
دوستی کا ہے یا دشمنی کا سفر
اجنبی کر گیا اپنے ہی شہر میں
کتنا ظالم ہے یہ مفلسی کا سفر
تیرے دیدار کی کوئی نکلے سبیل
کاش میں کرسکوں دلکشی کا سفر
راہ میں بے خودی کی رہی کیفیت
سخت دشوار تھا آگہی کا سفر
میری آواز کو بھی ملے گی شناخت
ختم ہونے کو ہے خامشی کا سفر
وسعتِ مدتِ ہجر کٹتی نہیں
گویا درپیش ہے اک صدی کا سفر
آبلے میرے پیروں کے دیں گے ثبوت
میں نے طے کرلیا رہبری کا سفر
کیسے نکلوں سرابوں کے زندان سے
کیا رکے گا کبھی تشنگی کا سفر
سانس چلتی ہے فائق اسی خوف میں
تھم نہ جائے کہیں زندگی کا سفر
محمد فائق — جولائی 30، 2019 9:10 شام
الف عین سر
محمد وارث سر
فلسفی — جولائی 31، 2019 1:43 صبح
سانس چلتی ہے فائق اسی خوف میں
تھم نہ جائے کہیں زندگی کا سفر
بہت خوب داد قبول کیجیے
الف عین — جولائی 31، 2019 5:43 صبح
راہ میں بے خودی کی رہی کیفیت
درست تلفظ میں کیفیت ی پر تشدید کے ساتھ ہے
راہ میں بے خودی کی سی حالت رہی
رواں نہیں لگتا؟
آخری رکن فاعلن کو فاعلات/فاعلان بنانا درست ضرور ہے لیکن اس سے روانی متاثر ہوتی ہے خاص طور پر اس مصرع میں
میری آواز کو بھی ملے گی شناخت
تلفظ کے اعتبار سے درست ہے، بس خ اور ٹ کے ساتھ ساتھ گرنے سے روانی متاثر ہوتی ہے ۔ الفاظ یا ترتیب بدل کر کوشش کریں
کیسے نکلوں سرابوں کے زندان سے
زندان نون غنہ کے ساتھ زیادہ فصیح مانا جاتا ہے
کیسے نکلوں سرابوں کے زنداں سے میں
کر دو
باقی درست ہے
محمد فائق — جولائی 31، 2019 10:25 شام
بہت خوب داد قبول کیجیے
بہت شکریہ محترم
محمد فائق — جولائی 31، 2019 10:27 شام
راہ میں بے خودی کی رہی کیفیت
درست تلفظ میں کیفیت ی پر تشدید کے ساتھ ہے
راہ میں بے خودی کی سی حالت رہی
رواں نہیں لگتا؟
آخری رکن فاعلن کو فاعلات/فاعلان بنانا درست ضرور ہے لیکن اس سے روانی متاثر ہوتی ہے خاص طور پر اس مصرع میں
میری آواز کو بھی ملے گی شناخت
تلفظ کے اعتبار سے درست ہے، بس خ اور ٹ کے ساتھ ساتھ گرنے سے روانی متاثر ہوتی ہے ۔ الفاظ یا ترتیب بدل کر کوشش کریں
کیسے نکلوں سرابوں کے زندان سے
زندان نون غنہ کے ساتھ زیادہ فصیح مانا جاتا ہے
کیسے نکلوں سرابوں کے زنداں سے میں
کر دو
باقی درست ہے
رہنمائی کے لیے بہت شکریہ سر
میری آواز پہچان پا ہی گئی
ختم ہو ہی گیا خامشی کا سفر
اگر شعر کو اس طرح کردیا جائے تو درست رہے گا سر؟
الف عین — اگست 1، 2019 4:49 صبح
ختم ہو ہی... میں ہ کی تکرار کچھ اچھی نہیں لگ رہی
ختم آخر ہوا...
کر دو

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%BA%D8%B2%D9%84-%D8%A8%D8%B1%D8%A7%D8%A6%DB%92-%D8%A7%D8%B5%D9%84%D8%A7%D8%AD.107863/