محفوظِ انتشار دل و ذہن ہو گئے ۔ برائے اصلاح

محمد عبدالرؤوف — مارچ 9، 2022 8:16 شام
محترم الف عین ، محمّد احسن سمیع :راحل:
محفوظِ انتشار، دل و ذہن ہو گئے
ٹوٹی ہے کیا امید کہ پر امن ہو گئے
خورشید کے زوال سے جس جس کا قد بڑھا
سب تیرگی کی قبر میں وہ دفن ہو گئے
یوں میل جول ہے بڑھا فرہاد و قیس سے
دشت و جبل، کہ گھر کا مرے صحن ہو گئے
چشمِ فلک نے دیکھا کہ کیا کیا تھے پہلواں
میزانِ زر پہ آئے تو بے وزن ہو گئے
بے گور لاشے جو پڑے تھے راہِ عشق میں
گردِ رہِ وفا میں وہ سب دفن ہو گئے
وہ دورِ مفلسی ہے فراوانیوں کے بیچ
عقل و دل و نگاہ سبھی رہن ہو گئے
اہلِ جفا کا نام فقط گونجتا رہا
عشاق ہی مگر ہدفِ طعن ہو گئے
الف عین — مارچ 10، 2022 5:44 صبح
عزیزم اس کے قوافی ہی غلط ہو گیے ہیں!
محمد عبدالرؤوف — مارچ 10، 2022 5:47 صبح
عزیزم اس کے قوافی ہی غلط ہو گیے ہیں!
کچھ مزید تفصیل بھی عنایت فرما دیں تو آسانی ہو جائے گی
محمد عبدالرؤوف — مارچ 10، 2022 5:47 صبح
کیا سکون والے حروف سے پہلے حرف کی ایک سی حرکت ہونی بھی لازم ہے؟
محمد احسن سمیع راحلؔ — مارچ 10، 2022 8:23 صبح
کیا سکون والے حروف سے پہلے حرف کی ایک سی حرکت ہونی بھی لازم ہے؟
جی، ایسا ہی ہے ۔۔۔ ساکن حروف سے قبل کے حرف پر ایک ہی حرکت ہونی چاہیے ۔
بلکہ شاید اگر متواتر دو حروف ساکن ہوں تو پہلا ساکن حرف بھی مشترک ہونا چاہیے (واللہ اعلم، آئی ایم ناٹ شیو اباؤٹ دس پارٹ :) )
الف عین — مارچ 10، 2022 3:00 شام
راحل میاں کی دونوں باتیں درست ہیں
محمد عبدالرؤوف — مارچ 11، 2022 6:37 صبح
محترم الف عین ، محمّد احسن سمیع :راحل:
اب دیکھیے قوافی درست ہوئے
یکسر خموش میرے لب و لحن ہو گئے
یا
محفوظِ انتشار، لب و لحن ہو گئے
ٹوٹی ہے کیا امید کہ پر امن ہو گئے
خورشید کے زوال سے جس جس کا قد بڑھا
وہ تیرگی کی قبر میں سب دفن ہو گئے
یوں میل جول ہے بڑھا فرہاد و قیس سے
دشت و جبل، کہ گھر کا مرے صحن ہو گئے
چشمِ فلک نے دیکھا کہ کیا کیا تھے پہلواں
میزانِ زر پہ آئے تو بے وزن ہو گئے
بے گور لاشے جو پڑے تھے راہِ عشق میں
گردِ رہِ وفا میں وہ سب دفن ہو گئے
اہلِ جفا کا نام فقط گونجتا رہا
عشاق ہی مگر ہدفِ طعن ہو گئے
الف عین — مارچ 12، 2022 8:27 صبح
حرکت جس حرف پر ہو، اسی سے قافیہ بنانا ضروری ہے، درد اور سرد درست قوافی ہیں، مگر درد اور بند نہیں۔اور نہ درد، سردکے ساتھ گِرد باندھا جا سکتا ہے۔

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D9%85%D8%AD%D9%81%D9%88%D8%B8%D9%90-%D8%A7%D9%86%D8%AA%D8%B4%D8%A7%D8%B1-%D8%AF%D9%84-%D9%88-%D8%B0%DB%81%D9%86-%DB%81%D9%88-%DA%AF%D8%A6%DB%92-%DB%94-%D8%A8%D8%B1%D8%A7%D8%A6%DB%92-%D8%A7%D8%B5%D9%84%D8%A7%D8%AD.118216/