ماہ وش نے کہا:
شگفتے پہلی کہانی کون سی پڑھی تھی بچپن میں جو یاد رہ گئی ؟؟
جب ہجے کر کے پڑھنا آنے لگا تو خود سے پڑھنا بہت اچھا لگتا تھا، اتنی بہت سی کتابیں، میں کئی کئی دیر ہاتھ میں لے کر بیٹھی دیکھتی رہتی۔ کتابوں میں کہانیوں میں تصویریں بہت اچھی لگتیں تھیں۔ پڑھنا نہیں آتا تھا تو تصویریں دیکھتی رہتی۔
چھوٹی بڑی بہت سی کہانیاں موجود تھیں گھر میں
نونہال (بچوں کا رسالہ) شروع سے آتا رہا ہے سب سے پہلے بڑے بھائی پھر جیسے جیسے ہم باقی بھائی بہن بڑے ہوتے گئے تو اس کے حقوق ہمارے نام منتقل ہوتے رہے۔
حکیم محمد سعید کا بہت بڑا احسان ہے کہ انھوں نے نونہال جیسا بچوں کا رسالہ اجراء کیا۔ یہ میرا پسندیدہ ترین بچوں کا رسالہ رہا ہے اس میں کہانیاں اور معلومات دونوں ہی۔ ایک دن بھیا لوگ کا نونہال رسالہ ہاتھ میں آگیا۔ اس میں کوئی کہانی تھی بڑا لمبا سا نام تھا اور ساتھ تصویر بھی۔ اس تصویر مین ایک درخت بھی تھا بنا ہوا مجھے یاد ہے۔ کہانی سے زیادہ مجھے اس کا نام یاد ہے اور کس طرح پڑھا یہ اس سے بھی زیادہ اچھی طرح سے۔ میں ہجے کرنے شرع کئے۔
یَ + ہ = ی زبر ہ یہ
کَ + س = ک زبر س کَس
کِ + س = ک زیر س کِس
یہ کَس ۔۔۔ یہ کَس ۔۔۔۔ یہ کِس۔۔۔
کِ + ی = کی
یہ کَس کی ۔۔۔۔ یہ کِس کی۔۔۔
کَ + ا + ر = ک زبر الف = کا۔۔۔ ر ساکن = کار ۔۔۔۔۔ یہ کس کی کار
س+ت+ا+ن+ی= س زبر سَ ۔۔۔ ت زبرالف تا۔۔۔ستا۔۔۔ن زیر ی۔۔نی۔۔ستانی
یہ کس کی کار۔۔۔۔ستانی ہے
اچھا مجھے نہیں معلوم تھا کہ
کارستانی ایک ہی لفظ ہے۔ میں
کار اور
ستانی الگ الگ پڑھا۔ اب مجھے اس کا مطلب نہیں سمجھ میں آرہا ہو کہ کیا مطلب ہے۔۔۔ یہ کس کی کار۔۔۔ ستانی ہے۔
میں سوچتی رہی۔
کار تو سمجھ میں آ رہی تھی لیکن
ستانی کا پتہ نہیں چل رہا تھا۔ سوچ سوچ کے یہی سمجھ میں آیا کہ یہ کوئی کار ہوگی جو ستاتی رہتی ہوگی۔۔۔

خیر میں کہانی پڑھتی رہی ہجے کر کر کے۔۔۔ اتنی مشکل سے پڑھا، یہ پہلی کہانی تھی جو میں پوری پڑھی خود سے اور جو سمجھ بھی نہیں آ رہی تھی۔