125۔ جوڑیاں جگ تے تھوڑیاں، نرڑ بتھیرے
126۔ جوبن آوے پباں بھار
127۔ ماڑے دی نونہہ جنے کھنے دی بھابی
128۔ وَنڈ کھادی، کھَنڈ کھادی
129۔ سوہرے گھر جوائی مندا، بھین گھر بھائی مندا
130۔ کمہاری آودا بھانڈا سلاہندی اے
۔۔۔۔۔
126۔ جوڑیاں جگ تے تھوڑیاں، نرڑ بتھیرے
جوڑی کا یہاں مفہوم لیا گیا ہے: بہ رضا و رغبت ایک دوسرے کا ساتھ دینے والے۔۔ بتھیرے: بہتیرے، بہت ۔۔ نَرَڑ (نَ رَ ڑ مجزوم): بیلوں کی جوڑی کو ہل وغیرہ میں جوتنے میں ان کی گردنیں تو "پنجالی" میں دیتے ہی ہیں، ساتھ ہی ساتھ ان دونوں کے گلے کی رسیاں ایک دوسرے سے خاصی تنگ کر کے باندھ دیتے ہیں۔ بیلوں کی جوڑی کو گھر سے کھیتوں میں اور کھیتوں سے گھر میں لاتے لے جاتے وقت بھی اسی انداز میں باندھ دیتے ہیں۔ اسے نَرَڑ کرنا کہتے ہیں۔ معانی جبراً ایک دوجے سے باندھ دینا۔ نَرَڑ ہونا: بندھے ہوئے ہونا۔
دنیا میں راضی خوشی ایک دوجے کا ساتھ دینے والے کم ہیں، البتہ مجبوری (مفادات، دباؤ وغیرہ) کی بنا ساتھ دینے والے پر بہت ہیں۔
126۔ جوبن آوے پباں بھار
جوبن: جوانی، وسیع تر معانی میں جوبن زور، جوش وغیرہ کو کہتے ہیں۔
پَب: پاؤں کی انگلیوں کے ساتھ والا گدی دار حصہ، کھڑے ہو کر یا چلتے ہوئے ایڑیاں اٹھائیں تو انگلیوں کے ساتھ یہی حصہ زمین پر لگتا ہے۔ پباں بھار: پنجوں کے بل، ایڑیاں اٹھائے ہوئے۔ مراد ہے اپنے قد کو اونچا کرتے ہوئے، ابھرتے ہوئے، خود نمائی کرتے ہوئے۔
جوبن آتا ہے تو انسان خود کو اپنے سے بڑا سمجھنے لگتا ہے۔
اس کہاوت کا دوسرا حصہ مجھے لفظاً یاد نہیں، اس لئے نہیں لکھا؛ اس کا مفہوم ہے کہ: جوبن جاتا ہے بندہ سیدھا کھڑا نہیں ہو سکتا (بڑھاپے کے کبڑے پن کی طرف اشارہ ہے)۔
127۔ ماڑے دی نونہہ جنے کھنے دی بھابی
ماڑا: کمزور، عام طور پر غریب مراد لیتے ہیں۔۔ نونہہ (واوِ مجہول کے ساتھ) بہو: بیتے کی بیوی، نَونہہ (واوِ لین کے ساتھ: ناخن)؛ یہاں بہو مراد ہے۔ جنا کھنا: ایرا غیرا، بھابی: بھائی کی بیوی ۔۔ خاص طور پر مشرقی پنجاب میں بھابی دیور کا رشتہ ہنسی مذاق اور چھیڑ چھاڑ کا رشتہ سمجھا جاتا ہے۔
غریب آدمی کی اپنی تو کیا اس کی بہو بیٹیوں کی عزت کو بھی عزت نہیں سمجھا جاتا۔
128۔ وَنڈ کھادی، کھَنڈ کھادی
وَنڈ : تقسیم، بانٹ، تقسیم کر کے، بانٹ کر (یہاں اچھے معانی میں ہے)۔ کھادی: کھائی (مصدر کھانا سے)، کھنڈ : چینی، میٹھی چیز
بچوں کو سمجھایا کرتے ہیں کہ بجائے کھوہ موہ (چھینا جھپٹی) کے، چیز کو بانٹ کر اپنے اپنے حصے کا کھائیں تو اچھا لگتا ہے۔
129۔ سوہرے گھر جوائی مندا، بھین گھر بھائی مندا
مَندا: بُرا، سوہرا: سسر، جوائی: داماد
داماد کا سسر کے ہاں اور بھائی کا بہن کے ہاں مستقل قیام اس کی اپنی توقیر کو ضائع کر دیتا ہے۔
130۔ کمہاری آودا بھانڈا سلاہندی اے
بھانڈا: برتن، آودا: اپنا: مراد ہے جو اس نے خود بنایا ہو، سلاہنا: پسند کرنا تعریف کرنا، کمہاری: کمہارن، ظروف ساز عورت
کمہارن دوسرے کے مقابلے میں اس برتن کو بہتر کہتی ہے جو اس نے خود بنایا ہو۔