اپنے ہر درد کا درمان بنائے رکھا

ظہیراحمدظہیر — اکتوبر 17، 2020 5:20 صبح
حسبِ وعدہ ایک غزل احبابِ محفل کے ذوقِ سخن کی نذر ہے ۔ شاید ایک دو اشعار آپ کو پسند آئیں ۔ گر قبول افتد زہے عز و شرف!
٭٭٭
اپنے ہر درد کا درمان بنائے رکھا
غم اک ایسا تھا کہ سینے سے لگائے رکھا
پاسِ ناموسِ مسیحا تھا مجھے درپردہ
زخمِ جاں سوز کو مرہم سے بچائے رکھا
ایک اندیشۂ ناقدریِ عالَم نے مجھے
عمر بھر چشمِ زمانہ سے چھپائے رکھا
کبھی جانے نہ دیا گھر کا اندھیرا باہر
اک دیا میں نے دریچے میں جلائے رکھا
دیکھ کر برہنہ پا راہ کے کانٹوں نے مجھے
رشکِ گلشن مرے رستے کو بنائے رکھا
اصل کردار تماشے کے وہی لوگ تو تھے
وقت نے جن کو تماشائی بنائے رکھا
دیکھ سکتا تھا بہت دور تک آگے میں ظہیرؔ
جب تک اِن شانوں پہ بچوں کو اٹھائے رکھا
٭٭٭
ظہیر ؔ احمد ۔۔۔۔ (۲۰۱۹ )
مقبول — اکتوبر 17، 2020 5:38 صبح
کبھی جانے نہ دیا گھر کا اندھیرا باہر
اک دیا میں نے دریچے میں جلائے رکھا
بہت خوب، جناب
محمد خلیل الرحمٰن — اکتوبر 17، 2020 6:03 صبح
خوبصورت خوبصورت! بہت خوب۔
پاسِ ناموسِ مسیحا تھا مجھے درپردہ
زخمِ جاں سوز کو مرہم سے بچائے رکھا

کیا بات ہے صاحب۔ بہت داد قبول فرمائیے۔
محمد عبدالرؤوف — اکتوبر 17، 2020 6:16 صبح
بہت خوب، لاجواب
الف عین — اکتوبر 17، 2020 6:26 صبح
خوب۔اچھی غزل ہے ماشاء اللہ
محمد تابش صدیقی — اکتوبر 17، 2020 6:37 صبح
حسبِ وعدہ ایک غزل احبابِ محفل کے ذوقِ سخن کی نذر ہے ۔ شاید ایک دو اشعار آپ کو پسند آئیں ۔ گر قبول افتد زہے عز و شرف!
٭٭٭
اپنے ہر درد کا درمان بنائے رکھا
غم اک ایسا تھا کہ سینے سے لگائے رکھا
پاسِ ناموسِ مسیحا تھا مجھے درپردہ
زخمِ جاں سوز کو مرہم سے بچائے رکھا
ایک اندیشۂ ناقدریِ عالَم نے مجھے
عمر بھر چشمِ زمانہ سے چھپائے رکھا
کبھی جانے نہ دیا گھر کا اندھیرا باہر
اک دیا میں نے دریچے میں جلائے رکھا
دیکھ کر برہنہ پا راہ کے کانٹوں نے مجھے
رشکِ گلشن مرے رستے کو بنائے رکھا
اصل کردار تماشے کے وہی لوگ تو تھے
وقت نے جن کو تماشائی بنائے رکھا
دیکھ سکتا تھا بہت دور تک آگے میں ظہیرؔ
جب تک اِن شانوں پہ بچوں کو اٹھائے رکھا
٭٭٭
ظہیر ؔ احمد ۔۔۔۔ (۲۰۱۹ )
لاجواب غزل۔
ایک ایک شعر گویا موتی پرو دیے ہوں۔
کیا کہنے ظہیر بھائی۔
احمد محمد — اکتوبر 17، 2020 11:17 صبح
ماشاءاللہ۔۔ واہ۔۔۔۔ بہت عمدہ اور شاندار کلام فرمایا آپ نے۔ شاد و آباد رہیں۔
اور ایفائے عہد پر ہم آپ کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ صبح سے میں کچھ کام کے سلسلہ میں نکلا ہوا تھا اور میں نے سوچا ہوا تھا کہ گھر جا کر آپ کو یاد کرواؤں گا کہ دوسرا ویک اینڈ آگیا ہے تو کدھر ہے غزل مگر آپ نے پہلے ہی پوسٹ فرما دی۔۔ :applause:
احمد محمد — اکتوبر 17، 2020 11:21 صبح
شاید ایک دو اشعار آپ کو پسند آئیں
یہ آپکی عاجزی ہے وگرنہ مطلع تا مقطع کیا کمال فرمایا آپ نے۔
جاسمن — اکتوبر 17، 2020 12:39 شام
واہ واہ! کیا خوب کلام ہے! کیا چنے ہوئے اشعار ہیں ماشاءاللہ!
بہت خوب! ایک سے بڑھ کے ایک شعر۔
خوبصووووووووورت غزل۔:)
لاريب اخلاص — اکتوبر 17، 2020 2:29 شام
بہت خوب صورت!
محمد احسن سمیع راحلؔ — اکتوبر 17، 2020 11:39 شام
ایک اندیشۂ ناقدریِ عالَم نے مجھے
عمر بھر چشمِ زمانہ سے چھپائے رکھا
حسبِ حال لگتا ہے ظہیر بھائی :)
بہت خوب، زبردست
ظہیراحمدظہیر — اکتوبر 18، 2020 4:06 صبح
بہت شکریہ ، بہت نوازش! اللہ خوش رکھے ! ممنون ہوں ۔
ظہیراحمدظہیر — اکتوبر 18، 2020 4:09 صبح
خوبصورت خوبصورت! بہت خوب۔
کیا بات ہے صاحب۔ بہت داد قبول فرمائیے۔
آداب ،آداب ! نوازش ہے ۔ ذرہ نوازی ہے ، خلیل بھائی ! سپاس گزار ہوں ۔
ظہیراحمدظہیر — اکتوبر 18، 2020 4:13 صبح
بہت شکریہ ، کرم نوازی ہے جناب عبدالرؤف صاحب! اللہ خوش رکھے ۔
بھائی اس سے پہلے کہ میں آپ کو عبدالرؤف چھ سو بیس کہہ کر مخاطب کروں آپ اپنا نام اردو میں لکھوالیجئے ۔ :):):)
ظہیراحمدظہیر — اکتوبر 18، 2020 4:14 صبح
خوب۔اچھی غزل ہے ماشاء اللہ
آداب ، اعجاز بھائی ۔ آپ کی تحسین میرے لئے سند ہے اور باعثِ افتخار ہے ۔ اللہ کریم آپ کا سایا سلامت رکھے !
ظہیراحمدظہیر — اکتوبر 18، 2020 4:16 صبح
لاجواب غزل۔
ایک ایک شعر گویا موتی پرو دیے ہوں۔
کیا کہنے ظہیر بھائی۔
نوازش ! بہت شکریہ تابش بھائی ! آپ ہمیشہ قدر افزائی کرتے ہیں ۔ اللہ آپ کو خوش رکھے ۔ سلامت رکھے !
ظہیراحمدظہیر — اکتوبر 18، 2020 4:23 صبح
ماشاءاللہ۔۔ واہ۔۔۔۔ بہت عمدہ اور شاندار کلام فرمایا آپ نے۔ شاد و آباد رہیں۔
اور ایفائے عہد پر ہم آپ کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ صبح سے میں کچھ کام کے سلسلہ میں نکلا ہوا تھا اور میں نے سوچا ہوا تھا کہ گھر جا کر آپ کو یاد کرواؤں گا کہ دوسرا ویک اینڈ آگیا ہے تو کدھر ہے غزل مگر آپ نے پہلے ہی پوسٹ فرما دی۔۔ :applause:
بہت شکریہ ! بڑی نوازش ، احمد محمد بھائی ! اللہ آپ کو خوش رکھے ۔ پذیرائی کے لئے ممنون ہوں ۔
مجھے وعدہ یاد ہے ۔ ان شاءاللہ ایک تازہ بتازہ غزل اگلے ہفتے احبابِ محفل کی خدمت میں اور پیش کروں گا ۔ ایک دس بارہ سال پرانی نظم بھی نکل آئی ہے وہ بھی لگانے کا ارادہ ہے ۔ :)
یہ آپکی عاجزی ہے وگرنہ مطلع تا مقطع کیا کمال فرمایا آپ نے۔
آپ احباب کی محبت اور قدر افزائی ہے ورنہ من آنم کہ من دانم ۔ آپ احباب کی پذیرائی پر دل سے ممنون ہوں ۔
محمد خلیل الرحمٰن — اکتوبر 18، 2020 4:25 صبح
ایک دس بارہ سال پرانی نظم بھی نکل آئی ہے وہ بھی لگانے کا ارادہ ہے ۔

اتنی خوبصورت غزلوں کے شاعر کی نظم بھی کیا چیز ہوگی!
ظہیراحمدظہیر — اکتوبر 18، 2020 4:25 صبح
واہ واہ! کیا خوب کلام ہے! کیا چنے ہوئے اشعار ہیں ماشاءاللہ!
بہت خوب! ایک سے بڑھ کے ایک شعر۔
خوبصووووووووورت غزل۔:)
بہت شکریہ ،خواہرم جاسمن ! بڑی نوازش ہے ۔ آپ جیسے اہلِ ذوق کی طرف سے داد و تحسین اور پذیرائی ہی قلم کو تحریک دیتی ہے ورنہ طبیعت تو اب بجھتی ہی جارہی ہے ۔ اللہ آپ کو خوش رکھے ، ذوق سلامت رکھے ۔ آمین ۔
ظہیراحمدظہیر — اکتوبر 18، 2020 4:28 صبح
بہت بہت شکریہ لاریب بٹیا ! اللہ کریم آپ کو خوش رکھے ، دین و دنیا کی فلاح نصیب فرمائے ۔ نعمتوں کو بے زوال رکھے! آمین ۔
صفحات: 1 2 3

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D8%A7%D9%BE%D9%86%DB%92-%DB%81%D8%B1-%D8%AF%D8%B1%D8%AF-%DA%A9%D8%A7-%D8%AF%D8%B1%D9%85%D8%A7%D9%86-%D8%A8%D9%86%D8%A7%D8%A6%DB%92-%D8%B1%DA%A9%DA%BE%D8%A7.113566/