جیسا کہ آپ نے کہا، آپ نے اخگر رحیم آبادی کی زمین میں غزل کہی ہے اور راحیل فاروق صاحب کی غزل بھی اس غزل کے قریب قریب ہے۔
دراصل شعرا دوسرے شعرا کی زمینیں استعمال کرتے ہی رہتے ہیں، شکریے کے ساتھ بھی اور بغیر شکریے کے چُپ چاپ بھی اور پھر زمین میں توارد بھی ہو جاتا ہے اس لیے ان سارے معاملات کو حُسنِ ظن سے دیکھنا چاہیے۔
کسی دوسرے شاعر کی زمین استعمال کرنے کا سب سے بہترین اخلاقی طریقہ یہ ہوتا ہے کہ غزل کے شروع میں ہی بتا دیا جائے کہ میں فلاں شاعر کی زمین میں غزل کہہ رہا ہوں، بالخصوص جب شاعر اور اس کی زمین بہت زیادہ معروف بھی نہ ہو۔ مثال کے طور پر اگر کوئی شاعر غالب کی زمین میں غزل کہتا ہے تو ساری دنیا کو علم ہوجاتا ہے کہ کس کی زمین ہے لیکن جب نسبتا غیر معروف شاعر ہوتا ہے تو اعلان کرنا اور بھی ضروری ہو جاتا ہے جیسا کہ آپ نے ایک غیر معروف شاعر کی زمین سے استفادہ کیا ہے۔
جہاں تک کسی دوسرے شاعر کے مصرعے یا الفاظ کو استعمال کرنے کا مسئلہ ہے تو درست ہے کہ آپ نے راحیل صاحب کا ایک مصرع واوین میں لکھا ہے لیکن واوین کے ساتھ کچھ نوٹ نہیں لکھا کہ یہ مصرع کس کا ہے۔ اخلاقی طور پر اس کا اعلان بھی ہونا چاہیے۔
سو، آپ اپنی غزل کے لیے یہ کریں کہ غزل کے شروع میں ایک سطر لکھیں کہ یہ غزل فلاں شاعر کی زمین میں ہے۔ اور جہاں راحیل صاحب کا مصرع لیا ہے اس میں واوین کے ساتھ ایک ستارہ * لگائیں اور غزل کے نیچے یہی ستارہ لگا کر ایک سطر لکھیں کہ یہ مصرع راحیل فاروق صاحب کا ہے۔
اللہ اللہ، تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔