یہاں اس فورم کے تمام شعراء کرام سے گذارش ہے کہ وہ اپنے شعری فن پارے(آپ کی وہ شعری کاوش جو آپ کے نزدیک آپ کی سب سے بہترین کاوش ہو یا آپ کی وہ کاوش جسے لوگوں نے بہت زیادہ سراہا ہو) جمع کروائیں۔۔۔! اس طرح اس فورم کے تمام شعراء کرام کی بہترین شاعری کا ایک مجموعہ تیار ہو گا۔۔۔ جسے اگر استاذِگرامی جناب الف عین مناسب سمجھیں تو اپنی ای بک لائبریری میں ایک ای بک کی شکل میں لگا سکتے ہیں۔۔۔!
دُعا
الٰہی مجھ کو تو ذوقِ مسیحائی عطا کر دے
جنوں کو تو مرے، مولا شکیبائی عطا کر دے
بنوں رہبر دکھاؤں راہ میں گمراہ لوگوں کو
مجھے وہ معرفت ، ایماں، وہ مولائی عطاکردے
مری بے نام منزل کو نشانِ راہ دے دے تو
مجھے تو ذات سے اپنی شناسائی عطا کر دے
الٰہی سوچ سے میری ،ہو روشن اک جہانِ نو
تخیل کو مرے تو ایسی گہرائی عطا کردے
نگہ میری اٹھے جس سمت دنیا ہی بدل جائے
مری بے نور آنکھوں کو ،وہ بینائی عطا کر دے
معطر روح ہو جس سے ، مسخر قلب ہو جس سے
زبان و نطق کو یارب ،وہ گویائی عطا کردے
زَمن جس سے منور ہو، چمن جس سے معطر ہو
مرے کردار کو مولا، وہ رعنائی عطا کر دے
خیالوں کو ملے تصویر اور تعبیر خوابوں کو
مرے وجدان کو یارب، وہ دانائی عطا کر دے
اگر چہ عجز سے ہوں میں تہی دامن ، کرم سے تُو
مرے بے ربط جملوں کو پذیرائی عطا کردے
ترے در پر ندامت سے ،جھکی ہے پھر جبیں میری
تمنائے حزیں کو اب، تو شنوائی عطا کر دے
ترا ہی نام ہو لب پر ، نہ ہو پھر دوسرا کوئی
نصرؔ کو اب تو وہ خلوت، وہ تنہائی عطا کردے
محمد ذیشان نصر
اپریل 2012
