نہ رہے کوئی بھی دل میں تو بسا کرتا ہے

ظہیراحمدظہیر — اپریل 27، 2023 5:48 شام
احبابِ کرام ! دوسال پرانی یہ غزل پیشِ خدمت ہے ۔ امید ہے کہ کچھ اشعار تسکینِ ذوق کا باعث ہوں گے ۔ گر قبول افتد زہے عز و شرف!

***
نہ رہے کوئی بھی دل میں تو بسا کرتا ہے
وہ اکیلا ہے اکیلا ہی رہا کرتا ہے
دل جو بجھتا ہے تو ہوتی ہے فروزاں کوئی یاد
اک دیا مجھ میں بہرحال جلا کرتا ہے
غم رسیدہ ہوں ، اسیرِ غم و آلام نہیں
کوئی وعدہ مجھے دلشاد رکھا کرتا ہے
جب کوئی قافلہ منزل کے نشاں کھو بیٹھے
رہنما پھر اسے رہزن سا ملا کرتا ہے
اے خدا معجزہ یونس کا دکھا دے پھر سے
اک خطا کار اندھیروں میں دعا کرتا ہے
دل تو ناحق ہی زمانے سے ڈرا کرتا ہے
فیصلے ساری خدائی کے خدا کرتا ہے
ایک تو ہوتا ہے دستورِ زمانہ مرے دوست!
اک شعار اہلِ محبت کا ہوا کرتا ہے
مجھے خود میں نظر آتا ہے کوئی دوسرا شخص
آئنہ آنکھ میں آشوب بپا کرتا ہے
یاد آتا ہے وہی شخص ہمیں کیوں اکثر
وہ جو کچھ دیر کو رستے میں ملا کرتا ہے
کیا بتاؤں تمہیں اُس حرفِ شکایت کی مٹھاس
جب گلے ملتے ہوئے کوئی گلہ کرتا ہے
اجڑی تہذیب کی گلیوں سے نکلتا ہی نہیں
دل دوانہ ہے خرابوں میں رہا کرتا ہے
٭٭٭
ظہیرؔاحمد۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۰۲۱
صریر — اپریل 27، 2023 7:10 شام
دل جو بجھتا ہے تو ہوتی ہے فروزاں کوئی یاد
اک دیا مجھ میں بہرحال جلا کرتا ہے
لفظ لفظ روشنی ہے سر، زبردست!👍🌟
محمداحمد — اپریل 27، 2023 7:15 شام
سبحان اللہ ظہیر بھائی
تمام اشعار خوبصورت ہیں۔ ایک سے بڑھ کر ایک ہیں سب۔
ڈھیروں داد قبول فرمائیے۔
صابرہ امین — اپریل 28، 2023 2:34 صبح
بہت سے خوبصورت اشعار سے مزین غزل۔
دل تو ناحق ہی زمانے سے ڈرا کرتا ہے
فیصلے ساری خدائی کے خدا کرتا ہے
دل میں تیر ہو گیا ہے یہ تو۔
بہت ساری ، ڈھیروں ڈھیر داد
بھئی ہمارے واسطے بھی کچھ دعا کیجیے کہ کچھ ایسی ہی شاعری کر سکیں۔
ظہیراحمدظہیر — اپریل 28، 2023 5:44 صبح
لفظ لفظ روشنی ہے سر، زبردست!👍🌟
بہت شکریہ ، نوازش! ممنون ہوں ، صریر ۔ اللہ آپ کو خوش رکھے۔
ظہیراحمدظہیر — اپریل 28، 2023 5:45 صبح
سبحان اللہ ظہیر بھائی
تمام اشعار خوبصورت ہیں۔ ایک سے بڑھ کر ایک ہیں سب۔
ڈھیروں داد قبول فرمائیے۔
بہت نوازش، بہت شکریہ!
آپ کو اشعار پسند آئے ، بہت خوشی ہوئی ۔ آپ کی داد دل وجان سے قبول! اللہ سلامت رکھے آپ کو۔
ظہیراحمدظہیر — اپریل 28، 2023 5:52 صبح
بہت سے خوبصورت اشعار سے مزین غزل۔
دل تو ناحق ہی زمانے سے ڈرا کرتا ہے
فیصلے ساری خدائی کے خدا کرتا ہے
دل میں تیر ہو گیا ہے یہ تو۔
بہت ساری ، ڈھیروں ڈھیر داد
بھئی ہمارے واسطے بھی کچھ دعا کیجیے کہ کچھ ایسی ہی شاعری کر سکیں۔
بہت بہت شکریہ ، صابرہ ۔ اللہ کریم آپ کو شاد و آباد رکھے ۔ حرف ہائے تحسین کے لیے ممنون ہوں ۔
آپ کے لیے دست بدعا ہوں ۔ اللہ آپ کے قلم میں تاثیر دے ۔ زورِ کلام میں اضافہ ہو ۔
ویسے دعابھی تبھی قبول ہوتی ہے جب باریابی کے اسباب پیدا کیے جائیں ، تگ و دو کی جائے ۔اللہ کریم محنت کا پھل ضرور دیتے ہیں ۔ اگر لگن سچی ہے تو محنت کیے جائیے ۔ آپ ضرور ایک دن بڑی شاعرہ بنیں گی ۔
خورشیداحمدخورشید — اپریل 28، 2023 6:16 صبح
ایک تو ہوتا ہے دستورِ زمانہ مرے دوست!
اک شعار اہلِ محبت کا ہوا کرتا ہے
کیا بتاؤں تمہیں اُس حرفِ شکایت کی مٹھاس
جب گلے ملتے ہوئے کوئی گلہ کرتا ہے
زبردست سر!
اکمل زیدی — اپریل 28، 2023 7:07 صبح
بہت عمدہ ۔۔۔ ظہیر بھائی ۔۔۔ماشاءاللہ۔ ۔ ۔ کیا فکر کی جولانی الفاظ کی روانی اور ان میں پیغام رسانی ۔۔
عبید انصاری — اپریل 28، 2023 10:37 صبح
سبھی اشعار دل کو چھو گئے بالخصوص یہ شعر:
ایک تو ہوتا ہے دستورِ زمانہ مرے دوست!
اک شعار اہلِ محبت کا ہوا کرتا ہے
محمد عبدالرؤوف — اپریل 28، 2023 11:03 صبح
واہ واہ۔۔۔۔ بہت خوب، ہر شعر ہی خوب ہے
محمد عدنان اکبری نقیبی — اپریل 28، 2023 11:54 صبح
کیا بتاؤں تمہیں اُس حرفِ شکایت کی مٹھاس
جب گلے ملتے ہوئے کوئی گلہ کرتا ہے
ماشاءاللّٰه
بہترین اور شاندار کلام۔
سیما علی — اپریل 28، 2023 2:24 شام
کیا بتاؤں تمہیں اُس حرفِ شکایت کی مٹھاس
جب گلے ملتے ہوئے کوئی گلہ کرتا ہے
اجڑی تہذیب کی گلیوں سے نکلتا ہی نہیں
دل دوانہ ہے خرابوں میں رہا کرتا ہے
ماشاءاللّٰه
ماشاءاللّٰه
ہر شعر ہی لاجواب ۔
ظہیر بھائی ڈھیروں داد و تحسین
سلامت رہیے بہت ساری دعائیں ۔
الف عین — اپریل 28، 2023 5:42 شام
بہت خوب ظہیراحمدظہیر واقعی قابل رشک غزل ہے
محمد تابش صدیقی — اپریل 28، 2023 6:22 شام
کیا کہنے ظہیر بھائی۔ پوری غزل ہی کمال ہے۔ البتہ یہ اشعار کچھ زیادہ بھا گئے۔
دل جو بجھتا ہے تو ہوتی ہے فروزاں کوئی یاد
اک دیا مجھ میں بہرحال جلا کرتا ہے

جب کوئی قافلہ منزل کے نشاں کھو بیٹھے
رہنما پھر اسے رہزن سا ملا کرتا ہے

دل تو ناحق ہی زمانے سے ڈرا کرتا ہے
فیصلے ساری خدائی کے خدا کرتا ہے

کیا بتاؤں تمہیں اُس حرفِ شکایت کی مٹھاس
جب گلے ملتے ہوئے کوئی گلہ کرتا ہے

اجڑی تہذیب کی گلیوں سے نکلتا ہی نہیں
دل دوانہ ہے خرابوں میں رہا کرتا ہے
La Alma — اپریل 28، 2023 6:29 شام
حسبِ معمول بہت عمدہ!
دل تو ناحق ہی زمانے سے ڈرا کرتا ہے
فیصلے ساری خدائی کے خدا کرتا ہے
غزل کے بیچ میں اگر مطلع کی طرز کا شعر آئے تو اسے کیا کہیں گے؟
تقابلِ ردیفین کا سقم یہاں تو نہیں لاگو ہو گا؟
محمد عبدالرؤوف — اپریل 28، 2023 9:29 شام
غزل کے بیچ میں اگر مطلع کی طرز کا شعر آئے تو اسے کیا کہیں گے؟
تقابلِ ردیفین کا سقم یہاں تو نہیں لاگو ہو گا؟
میں نے تو اس کلام کو دو غزلہ سمجھ کر ہی پڑھا۔🙂
الشفاء — اپریل 29، 2023 7:39 صبح
دل جو بجھتا ہے تو ہوتی ہے فروزاں کوئی یاد
اک دیا مجھ میں بہرحال جلا کرتا ہے

اے خدا معجزہ یونس کا دکھا دے پھر سے
اک خطا کار اندھیروں میں دعا کرتا ہے

ایک تو ہوتا ہے دستورِ زمانہ مرے دوست!
اک شعار اہلِ محبت کا ہوا کرتا ہے
واہ۔ کیا کہنے۔۔۔
بہت خوب غزل ہے ظہیر بھائی۔۔۔
ایس ایس ساگر — اپریل 29، 2023 10:36 صبح
نہ رہے کوئی بھی دل میں تو بسا کرتا ہے
وہ اکیلا ہے اکیلا ہی رہا کرتا ہے
دل جو بجھتا ہے تو ہوتی ہے فروزاں کوئی یاد
اک دیا مجھ میں بہرحال جلا کرتا ہے
غم رسیدہ ہوں ، اسیرِ غم و آلام نہیں
کوئی وعدہ مجھے دلشاد رکھا کرتا ہے
جب کوئی قافلہ منزل کے نشاں کھو بیٹھے
رہنما پھر اسے رہزن سا ملا کرتا ہے
اے خدا معجزہ یونس کا دکھا دے پھر سے
اک خطا کار اندھیروں میں دعا کرتا ہے
دل تو ناحق ہی زمانے سے ڈرا کرتا ہے
فیصلے ساری خدائی کے خدا کرتا ہے
ایک تو ہوتا ہے دستورِ زمانہ مرے دوست!
اک شعار اہلِ محبت کا ہوا کرتا ہے
مجھے خود میں نظر آتا ہے کوئی دوسرا شخص
آئنہ آنکھ میں آشوب بپا کرتا ہے
یاد آتا ہے وہی شخص ہمیں کیوں اکثر
وہ جو کچھ دیر کو رستے میں ملا کرتا ہے
کیا بتاؤں تمہیں اُس حرفِ شکایت کی مٹھاس
جب گلے ملتے ہوئے کوئی گلہ کرتا ہے
اجڑی تہذیب کی گلیوں سے نکلتا ہی نہیں
دل دوانہ ہے خرابوں میں رہا کرتا ہے
بہت خوب ۔ ماشاءاللہ۔
خوبصورت غزل۔ لاجواب اشعار۔
ڈھیروں داد قبول فرمائیے ظہیراحمدظہیر بھائی۔
اللہ آپ کو سلامت رکھے۔ آمین۔
جاسمن — اپریل 29، 2023 6:04 شام
لفظ لفظ روشنی ہے سر، زبردست!👍🌟
یہ تو میں نے کہنا تھا۔ :):):)
صفحات: 1 2 3

Archived from: https://www.urduweb.org/mehfil/threads/%D9%86%DB%81-%D8%B1%DB%81%DB%92-%DA%A9%D9%88%D8%A6%DB%8C-%D8%A8%DA%BE%DB%8C-%D8%AF%D9%84-%D9%85%DB%8C%DA%BA-%D8%AA%D9%88-%D8%A8%D8%B3%D8%A7-%DA%A9%D8%B1%D8%AA%D8%A7-%DB%81%DB%92.119473/