کیا آپ نے فوٹوگرافی کا کوئی باقاعدہ کورسز کبھی لیے؟ اگر ہاں تو کچھ ریوسرز شئیر کریں۔ اگر نہیں تو تجربات سے سیکھنے پر کچھ روشنی ڈالیں۔
کوئی کورس نہیں کیا۔
فوٹوگرافی کا آغاز ٹین ایج میں ابو کے مینولٹا ایس ایل آر پر قبضہ کر کے کیا۔ اپرچر، شٹر سپیڈ، فوکس اور ڈیپتھ آف فیلڈ کا ابو اور انکل سے سیکھا۔ میں ان دنوں اچھا فوٹوگرافر نہ تھا۔ ایکسپوژر بس ایسے ہی سیٹ کرتا تھا اور کمپوزیشن کا خاص آئیڈیا نہ تھا۔ پھر جب تک ایک رول پورا کھینچ کر ڈیویلپ کراتا تھا یاد بھی نہ ہوتا تھا کہ شروع کی تصاویر کیا کھینچی تھیں۔
جب امریکا آیا تو شروع میں کوئی کیمرہ نہ تھا۔ ایک چھوٹا کیمرہ تھوڑی دیر استعمال کیا لیکن مزا نہ آیا۔ پھر اوائل 2002 میں ایک اچھا سا فکسڈ لینز سونی کا ڈیجیٹل کیمرہ لیا۔ ڈیجیٹل نے زندگی بدل دی۔ تصویر کھینچی اور ساتھ ہی چیک کیا کہ کیسی آئی ہے۔ خوب تجربات کئے اور ڈھیر تصاویر لیں۔ ایکسپوژر اور کیمرے کی سیٹنگز کو تجربات سے سمجھا۔ کمپوزیشن کے رولز کے بارے میں انٹرنیٹ پر پڑھا اور اس پر تجربات سے کچھ کچھ اندازہ ہوا کہ فوٹوگرافی محض ٹیکنیکل فیلڈ نہیں ہے۔
بیٹی ہوئی تو ہزاروں کی تعداد میں اس کی تصاویر لیں۔ اس نے چلنا پھرنا شروع کیا تو ایکشن فوٹوگرافی بھی سیکھنی پڑی۔ دو تین سال کی عمر میں اسے شوق آیا تو بچوں کا پلاسٹک ڈیجیٹل کیمرہ اسے لے دیا۔
انہی دنوں میں نے نائکن کا ڈی ایس ایل آر لیا۔ کچھ مزید سیٹنگز کے بارے میں سیکھا۔ بہتر کیمرے سے فوٹوگرافی میں معمولی بہتری آئی لیکن کافی تصاویر کھینچنے کے بعد اب بری تصویریں کم کم ہی رہ گئی تھیں۔
بہترین کمپوزیشن کے لئے جس آرٹسٹک آنکھ کی ضرورت تھی اس کی مجھ میں کمی تھی لیکن بیٹی اس معاملے میں خوب تیز تھی۔ اب وہ بچوں کے کیمرے کی بجائے ایک اچھے پوائنٹ اینڈ شوٹ پر تھی۔ جہاں بھی جاتے ہم ٹیکنیک اور کمپوزیشن میں خود بھی سوچتے اور ایک دوسرے کی نقل بھی کرتے۔ بیگم کو خود فوٹوگرافی کا شوق نہ تھا لیکن اب اس نے بھی تجاویز دینی شروع کیں کہ کہاں سے بہتر سین کیپچر ہو سکتا ہے۔ یوں ہم سب نے اکٹھا سیکھا۔
پھر نائکن کا ایک نیا ڈی ایس آر لے لیا اور پرانا بیٹی کو دے دیا۔ لینز بھی بہتر کوالٹی کا خریدا۔ یہ نئی باڈی اتنی کمپلیکس تھی کہ ایک فوٹوگرافر توم ہوگن کی کیمرے کی سیٹنگز متعلق ای کتاب بھی خرید کر پڑھی۔
پچھلے سال ڈی ایس ایل آر اور اس کے لینز ٹریڈ آن کر کے مررلیس اور مزید بہتر لینز خریدے۔ نئے کیمرے کے مینو سسٹم کی سیٹنگ کرنے میں مجھے دو ہفتے لگے۔ پھر اس کا فوکس سسٹم کافی مختلف ہے اس لئے ایک دو بار صرف تجربات کئے اور سمجھنے کی کوشش کہ سسٹم کیسے کام کر رہا ہے۔
میری رائے میں ڈیجیٹل کیمرے ایک انقلاب ہیں اور ان کا مجھے فوٹوگرافر بنانے میں انتہائی اہم کردار ہے۔